زرداری شکل سے ہی بڑا ڈاکو لگتا ہے‘ ’’کیوں نکالا‘‘ سزا سے بچنے کی کوشش‘ فوج عدلیہ کو نشانہ بنانا جاری رہا تو بڑی ریلی نکالوں گا : عمران

Oct 16, 2017

اسلام آباد + لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ خصوصی نامہ نگار+ ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے ملک میں دوستی اور رشتہ داری سے بالاتر ہوکر میرٹ کا نظام لائیں گے کیونکہ لوگوں نے اپنی ذات کیلئے پاکستان کو آگے نہیں بڑھنے دیا جبکہ قائد اعظم نے اپنی ذات کیلئے پاکستان نہیں بنایا تھا وہ شدید بیماری کے باوجود پاکستان کے قیام کیلئے ڈٹے رہے میں پاکستان میں صرف قائد اعظم کو لیڈر مانتا ہوں وہ مسلم لیگ میں گئے اور مسلمانوں کو اکٹھا کیا‘ پی ٹی آئی کی جدوجہد قائد اعظم کی جدوجہد پر مبنی ہے‘ سیاست دو قسم کی ہوتی ہے ایک وہ سیاست ہے جس نے پاکستان بناکردیا اور دوسری سیاست وہ ہے جس نے آج پاکستان کو اس مقام پر پہنچایا آج پاکستان مقروض ہے کوئی پوچھنے والا نہیں جو قائداعظم کی جدوجہد تھی وہی تحریک انصاف کی ہے اپنی ذات کیلئے بات کرنے والے حکمرانوں نے پاکستان کو اس حال تک پہنچایا ہے آج یہ بتانا چاہتا ہوں تحریک انصاف کیوں بنی اور کیا کردار رکھا گیا فوج کہہ رہی ہے وہ آئین اور قانون کے ساتھ کھڑی ہے جبکہ شریف خاندان اپنی کرپشن بچانے کیلئے عدلیہ اور فوج پر تنقید کر رہا ہے احتساب عدالت کے سامنے ڈرامہ کرنے کا مقصد سزا سے بچنا ہے۔ شریف مافیا کی اب ساری کوششیں اپنا سرمایہ بچانے میں لگی ہیں انہیں جمہوریت کی نہیں اپنی دولت کی فکر ہے فوج کو بُرا بھلا کہنے کی بھی صرف ایک وجہ ہے کہ شریف خاندان منی لانڈرنگ کیس کی سزا سے بچ جائے عدلیہ کو بدنام کیا گیا تو اسلام آباد میں عوام کا سمندر لے کر آجائیں گے ہمیں آخری بار سڑکوں پر آنا پڑے گاہمیں دھرنا دینے اور آنسو گیس کھانے کی مشق ہوگئی ہے دنیا میں کہیں یہ قانون نہیں ایک مجرم پارٹی کا سربراہ بن جائے۔ کنونشن سینٹر میں پی ٹی آئی کے رکنیت سازی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا مجھے لگ رہا ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں ہم عدالت کا فیصلہ نہیں مانتے ان کی کوشش ہے شریف خاندان کسی طرح بچ جائے اب کیس سٹیٹ اور شریف خاندان کے مابین ہے اس لئے یہ ہر وہ طریقہ آزمائیں گے جس سے وہ اپنی طرف سے توجہ ہٹادیں فرد جرم عائد ہوگئی تو بیرون ملک ان کا 300 ارب منجمد ہوجائے گا اس لئے ن لیگ کی موجودہ حکومت شریف فیملی کو بچانے میں لگی ہے شریف مافیا کی خواہش ہے کہ انہیں منی لانڈنگ میں سزا نہ ہو شریف خاندان ڈاکے ڈال کر معصوم شکلیں بنا لیتے ہیںجبکہ مجھ پر شہباز شریف اور اسحاق ڈار نے دس دس ارب ہرجانے کے مقدمے کر رکھے ہیںجبکہ آصف زرداری اور فریال تالپور نے میرے خلاف ایک ایک ارب روپے کا مقدمہ کیا ہے آصف زرداری تو شکل سے ہی بڑا ڈاکو لگتا ہے اور وہ چھپا بھی نہیں پاتاجو سینما کے ٹکٹ بیچتا تھا آج اس کے دنیا میں اربوں روپے پڑے ہیں اقتدار میں آکر کمیشن اور آسان طریقے سے پیسہ بنانا کرپشن ہے کرپشن کرکے آج سیاستدان کھرب پتی بن چکے ہیں کرپشن کا مطلب ہی ناجائز ذرائع سے دولت کمانا ہے اقتدار سے پہلے اور بعد میں ان کی کتنی دولت ہے سب خود اندازہ ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا آج پاکستان کو نئی سوچ اور سیاست کی ضرورت ہے کرپٹ حکمرانوں نے ایل این جی پر چار سال ضائع کر دئیے عوام کی فلاح و بہبود اور تعلیم پر سرمایہ نہیں لگایا۔ پی ٹی آئی میں وہ لوگ ہوں گے جو ملک کا سوچیں گے کھلاڑی ٹیم کیلئے نہیں کھیلتا تو اچھی ٹیم بھی کامیاب نہیں ہوتی دنیا کہتی ہے پاکستان میں80 کی دہائی کرکٹ کا سنہرا دور تھا لیکن ہمارے ملک میں میرٹ اور موقع نہ رہے بیرون ملک پاکستان سے جانے والوں نے ہر شعبے میں ترقی کی اور اپنی جگہ بنائی ہمارے ہاں ہر شعبے میں ٹیلنٹ ہے لیکن اسے نکھارنے کیلئے سسٹم نہیں اس لئے پی ٹی آئی نے سسٹم کو آگے لے کر جانا ہے ہمارے حکمران پاکستان سے کرپشن کا پیسہ باہر لے گئے لیکن عدالتوں میں ایسے پیش ہوتے ہیں جیسے کشمیر فتح کرلیا ہے اس سے پہلے شریف خاندان کا تکبر دیکھنے والا تھا جے آئی ٹی سے باہر نکلتے اور یہ کہتے جے آئی ٹی نے میرے سولوں کا جواب نہیں دیا اس سے پتہ چلتا ہے طاقتور کیلئے احتساب کتنا مشکل ہے انہوں نے کہا سٹیک ہولڈرز کو میرٹ پسند نہیں ہوتااس لئے تمام اداروں میں ن لیگ نے کرپٹ لوگ بٹھا دئے ایف بی آر میں کرپٹ لوگ لگے ہیں وزیر خزانہ اسحٰق ڈار منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں احسن اقبال سب سے بڑا فراڈ ہے انہوں نے جنرل ضیاالحق کے دور میں اپنا کیرئیر شروع کیا تھا پی ٹی آئی نے خیبر پی کے میں میرٹ کا نظام دیا اور پولیس بھی سیاسی اثر رسوخ سے آزاد کردی اس لئے ہم پنجاب اور سندھ پولیس میں کے پی کے والا نظام چاہتے ہیں۔ (ن) لیگ کے جلسوں میں لوگ انتظار کرتے ہیں جلسہ کب ختم ہو اور وہ بسوں میں بیٹھیںپیپلز پارٹی کے جلسے بھی بھٹو دور میں ہوتے تھے اب تو ان کے جلسوں میں لوگ نہیں ہوتے پہلے پی ٹی آئی لوگوں کو پکڑ پکڑ کر ٹکٹ دیتی تھی لیکن اب پارٹی میں ٹکٹ پر لڑائیاں ہوتی ہیں کسی جماعت کو اتنی مقبولیت نہیں ملی جتنی تحریک انصاف کو ملی ہے تحریک انصاف سوشل میڈیا میں بھی انقلاب لے کر آئی ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق عمران خان نے کہا نوازشریف کی ’’کیوں نکالا‘‘ مہم اور احتساب عدالت کے باہر ہونیوالے ڈرامے کا مقصد منی لانڈرنگ میں سزا سے بچنا ہے۔ آصف علی زرداری پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا شکل سے ڈاکو لگنے والا زرداری پشاور آکر کہتا ہے خیبر پی کے میں کرپشن ہے۔ سینما کے ٹکٹ بلیک کرنے والے کے اربوں روپے ملک سے باہر پڑے ہیں۔ مسلم لیگ ن نے ایک نااہل شخص کو پارٹی صدر بنا دیا۔ سسٹم اس لئے ٹھیک نہیں ہو سکا کیونکہ اوپر زرداری اور نوازشریف بیٹھے ہیں۔ شریف اور زرداری ملک میں سسٹم بننے ہی نہیں دیں گے۔ میں مہینے میں ایک بار ورکرز کے سوالوں کے جواب دوں گا۔ اب ہم عام ورکر سے بھی رائے لے سکیں گے کسے اوپر لانا چاہئے‘ ممبر شپ کارڈ کے ذریعے کارکنوں سے رابطہ ہو گا۔ مجھ پر اربوں کے ہرجانے دائر کئے گئے ہیں جس نے مجھے مشورہ دینا ہے پہلے 10 ہزار روپے پارٹی فنڈ میں دے۔ عمران خان نے خبردار کیا حکمران جماعت نے عدلیہ اور فوج کو نشانہ کا سلسلہ جاری رکھا تو وہ اسلام آباد میں اتنی بڑی ریلی نکالیں گے کہ ’تل دھرنے کو جگہ نہیں ملے گی‘۔ انہوں نے کہا کہ مجھے لگ رہا ہے کہ ہمیں اب آخری بار سڑکوں پر نکلنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا اپنی چوری بچانے کے لئے فوج کو بدنام کیا جا رہا ہے‘ مجھ پر فوج کے ساتھ کھڑے ہونے کا الزام لگایا جاتا ہے‘ ہاں میں بالکل فوج کے ساتھ کھڑا ہوں‘ یہ ہماری اپنی فوج ہے جو کوئی غلط کام نہیں کر رہی۔ مزید برآں خصوصی نامہ نگار کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے تحریک انصاف کے سینئر مرکز ی رہنما اعجازاحمد چوہدری اور ایم ایل اے غلام محی الدین دیوان نے بنی گالہ میں ملاقات کی اور ملکی صورتحال اور پارٹی کے آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ پارٹی کارکن فوری طور پر الیکشن کی تیاری کریں ، پی ٹی آئی پورے ملک میں جلسے کرے گی اور بھر پور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ انہوںنے کہاکہ حکومت مکمل طور پر فیل ہو چکی ملک میں فوری طور پرنئے الیکشن کرائے جائیں، حکمران اپنی چوری بچانے کے لیے اداروں کو بدنام کر نے کی کوشش کر رہے ہیں ۔بعدازں اعجازاحمد چوہدری نے این اے 120 پی پی 140کی رپورٹ چیئرمین کو پیش کی اور تفصیلی بریفنگ دی۔ عمران خان نے کہا کارکن پارٹی کا سرمایہ ہیں ، پی ٹی آئی این اے 120کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے گڑھ میں شگاف ڈالنے میں کامیاب ہو گئی ہے ۔
عمران خان

مزیدخبریں