ماریہ شراپووا نے ڈوپنگ پابندی کے بعد پہلا ٹائٹل جیت لیا

تیانجن(سپورٹس ڈےسک ) روس کی شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور سابق عالمی نمبر ایک ماریا شیراپووا نے تیانجن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز فائنل جیت کر ڈوپنگ پابندی کے بعد پہلا ایونٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔چین کے شہر تیانجن میں جاری ویمنز سنگلز مقابلوں کے فائنل میں روس کی ماریا شیراپووا نے بیلاروس کی آریانہ سبالینکا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 7-5 اور 7-6 (10-8) سے شکست دے کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔ماریاشراپووا نے 2015 کے بعد پہلی مرتبہ کوئی ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل جیتا ہے اور یہ ڈوپنگ میں الزام میں پابندی کے بعد ان کا پہلا ٹائٹل ہے۔ٹورنامنٹ میں کامیابی کے بعد شیراپووا نے کہا کہ وہ اپنی اس کامیابی پر بہت خوش ہیں اور مستقبل میں بھی اپنی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مزید کامیابیاں حاصل کریں گی۔پانچ مرتبہ کی گرینڈ سلیم چیمپیئن اور سابقیہ عالمی نمبر ایک روسی کھلاڑی کا گزشتہ جنوری میں ہونے والے آسٹریلین اوپن کے دوران ممنوعہ دوا میلڈونیم کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد عالمی ٹینس فیڈریشن نے ان پر دو سال کی پابندی عائد کردی تھی۔تاہم بعد میں ٹینس اسٹار کی اپیل پر سزا کم کرتے ہوئے اسے 15 ماہ تک محدود کردیا گیا تھا اور شیراپووا نے رواں سال ٹینس کورٹ میں واپسی کی تھی اور واپسی کے بعد عالمی سطح پر یہ ان کی پہلی بڑی کامیابی ہے۔


شنگھائی(سپورٹس ڈےسک )سوئٹزرلینڈ کے بین عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار اور ومبلڈن چیمپیئن راجر فیڈرر نے روایتی حریف رافیل نڈال کو شکست دے کر شنگھائی ماسٹرز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا مینز سنگلز ایونٹ جیت لیا۔راجر فیڈرر نے فائنل میں ہسپانوی اسٹار عالمی نمبر ایک اور 16 مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپیئن رافیل نڈال کو شکست دے کر رواں سال کا چھٹا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔چین کے شہر شنگھائی میں جاری ایونٹ میں اتوار کو کھیلے گئے مینز سنگلز فائنل میں رافیل نڈال کا مقابلہ راجر فیڈرر سے تھا اور ایک گھنٹہ 12 منٹ تک جاری مقابلے میں راجر فیڈرر نے قدرے بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی نمبر ایک رافیل نڈال کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-4 اور 6-3 سے ہرا کر ٹائٹل جیتا لیا۔یہ رواں سال میں راجر فیڈرر کا چھٹا ٹائٹل ہے جو انہوں نے اپنے نام کیا۔

ای پیپر دی نیشن