اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے آج سے شروع ہونے والے ہفتہ کے دوران مختلف اہم نوعیت کے مقدمات کی سماعت کے لئے پرنسپل سیٹ پر 5بنچ تشکیل دے دئیے ہیں۔ کاز لسٹ کے مطابق پہلا بنچ چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار، جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل ہو گا جو حنیف عباسی کی عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف آف شور کمپنیوں سے متعلق پٹیشن، گلگت بلتستان سپریم اپیلیٹ کورٹ بار ایسوسی ایشن بنام فیڈریشن آف پاکستان و دیگر بحوالہ گلگت بلتستان کے شہریوں کو اپنے منتخب نمائندوں کے ذریعے حکمرانی کا حق دینے، شاہین ائرانٹرنیشنل لمیٹیڈ کراچی بنام رجسٹرار سپریم اپیلیٹ کورٹ، گلگت بلتستان و دیگر بحوالہ ازخود نوٹس مقدمہ نمبر 62/2009اور غیرفعال ٹربیونلر/ انتظامی علاقوں کی خالی آسامیوں کے حوالے سے ازخود کارروائی کے مقدمات کی سماعت کرے گا۔ دوسرا بنچ جسٹس آف سعید خان کھوسہ، جسٹس مشیر عالم اور جسٹس دوست محمد خان پر مشتمل ہوگا جو سول ہسپتال کوئٹہ کے المناک سانحہ کے حوالے سے ازخود نوٹس کیس سمیت سزائے موت اوور عمر قید کے خلاف دائر پٹیشنوں کی سماعت کرے گا جبکہ تیسرا بنچ جسٹس اعجاز افضل خان، جسٹس مقبول باقر اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل ہو گا جو سید محمود اختر نقوی کی فائل کردہ بحریہ فائونڈیشن کو ریونیو ریکارڈ لینڈ میں دی جانے والی غیرقانونی ایڈجسٹمنٹ، پراپرٹی کی نشاندہی کے حوالے سے عدالتی فیصلہ پر عدم عملدرآمد کے معاملہ، پیمرا بنام ایم ایس سیک پرائیویٹ لمیٹیڈ و دیگر اور سرکاری ملازمین کے سروسز کے قمدمات کی سماعت کرے گا۔ چوتھا بنچ جسٹس گلزار احمد اور جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل پر مشتمل ہو گا جو نیب کے ضمانت کے معاملات سمیت جسٹس مولوی انوار الحق کمیشن کی رپورٹ بسلسلہ نیشنل یو ایس فائونڈیشن کی اراضی کے اربوں روپے کے سکینڈل کے مقدمات کی سماعت کرے گا۔ پانچواں بنچ جسٹس شیخ عظمت سعید، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اورجسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل ہو گا۔