لاہور (نامہ نگار)نئے آئی جی پنجاب پولیس امجد جاوید سلیمی نے عہدے کا چارج لے لیا ہے۔ سنٹرل پولیس آفس آمد پر آئی جی پنجاب امجدجاوید سلیمی کو پولیس کے دستے نے سلامی پیش کی۔ جس کے بعد چینج آف کمانڈ کی تقریب ہوئی۔ جس میں سابق آئی جی پنجاب محمد طاہر نے پنجاب پولیس کی کمان باضابطہ طورپر آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کے سپرد کی۔تقریب میں سی پی او کے تمام ایڈیشنل آئی جیز ، ڈی آئی جیز سمیت دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے ۔ آئی جی پنجاب نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عوامی شکایات اور مسائل کے فوری خاتمے کیلئے سروس ڈلیوری کے نظام میں مزید بہتری لائی جائے گی اورصوبے کے تمام اضلاع میں بنائے گئے پولیس خدمت مراکز کو جدید سافٹ وئیرز کی مدد سے انٹرلنک کردیا جائے گا تاکہ ایک ضلع کا رہائشی دوسرے ضلع میں مقیم ہونے کے باوجود کریکٹر سرٹیفیکیٹ ، کرایہ داری اندراج اور ایف آئی آر کاپی کے حصول سمیت تیرہ سے زائد دیگر سہولیات باآسانی حاصل کرسکے ۔ پولیس فورس کی استعداد کار میںمزید اضافے کیلئے جامع پروگرام کے تحت تمام اضلاع میں ریفریشر کورسز اورتربیتی ورکشاپس کا انعقادکیا جائے گااور فورس کا 10فیصد حصہ ہمیشہ کسی نہ کسی انداز میں زیر تربیت رہے گا تاکہ افسر و اہلکار جدید پولیسنگ کے چیلنجز سے ہم آہنگ ہوکر زیادہ بہتر انداز میں عوامی خدمت کے فرائض سر انجام دے سکیں۔ ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ڈسپلن کے معاملات کی نگرانی مزید موثر بنانے کیلئے سنٹرل پولیس آفس کی ڈسپلن اینڈ انسپکشن برانچ کو انٹرنل اکائونٹیبلٹی یونٹ میں تبدیل کیا جائے گا ۔ صوبے کے تمام اضلاع میں ریسورس مینجمنٹ سنٹرز قائم کئے جائیں اور قبضہ گروپوں سمیت سماج دشمن عناصر کے خلاف کاروائی میںقطعی کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔میڈیا معاشرے کا اہم ستون ہے جس کی جانب سے سسٹم کی بہتری اور عوامی مسائل کی نشاندہی کی ہر کوشش کوسراہا جائے گا ۔
نئے آئی جی پنجاب امجد جاو ید سلیمی نے چارج سنبھال لیا
Oct 16, 2018