زینب کے قاتل کو سرعام پھانسی، ہائیکورٹ نے ہوم سیکرٹری سے آج وضاحت مانگ لی

لاہور (وقائع نگار خصوصی+ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے زینب قتل کیس میں مجرم عمران کو سرعام پھانسی دینے کیلئے دائر درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے ہوم سیکرٹری پنجاب سے (آج) منگل کو وضاحت طلب کرلی۔ ہائیکورٹ میں زینب قتل کیس کے مجرم عمران کو سرعام پھانسی دینے کیلئے دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ زینب کے والد اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ مجرم عمران کو سرعام پھانسی دینے کا حکم دیا جائے۔ علاوہ ازیں جیل حکام نے زینب قتل کیس کے مجرم عمران کی خاندان سے آخری ملاقات کا پروانہ جاری کردیا ہے، آخری ملاقات آج دن 12بجے جیل میں کرائی جائیگی۔ جیل حکام نے کہا ہے کہ آخری ملاقات کرنے والے قومی شناختی کارڈ ساتھ لائیں اور آخری ملاقات کیلئے 50سے زائد افراد نہ آئیں، جیل حکام نے کہا ہے کہ عمران کو بدھ کو علی الصبح پھانسی دی جائے گی، پھانسی کے بعد میت صبح ساڑھے 5بجے ورثا کے حوالے کی جائیگی۔

ای پیپر دی نیشن