اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا کہ بہت جلد پی ٹی آئی کی تمام تنظیمیں تحلیل ہورہی ہیں، پارٹی اور حکومت کے عہدے الگ کر دئیے جائیں گے، ہمیں اپنی غلطیوں کی سزا ملی ،جن امیدواروں کو ٹکٹ نہیں دیا وہی پی ٹی آئی کے خلاف کھڑے ہو گئے۔ نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی نے ہر سطح پر تنظیم نو کا فیصلہ کیا اور پارٹی کے ساتھ تنظیم کو بھی مضبوط بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دوبارہ تنظیم سازی کے بعد انٹرا پارٹی الیکشن متوقع ہیں کیوں کہ اس سے جماعت مضبوط ہوتی ہے اور مقبول لیڈر اوپر آتے ہیں۔ضمنی انتخابات کے حوالے سے ا نہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی غلطیوں کی سزا ملی ہے، سوات میں الیکشن کے دوران تمام جماعتیں متحد ہو گئی تھیں۔ دوسری بات یہ کہ ہم نے جن امیدواروں کو ٹکٹ نہیں دیا وہی پی ٹی آئی کے خلاف کھڑے ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سے ضمنی الیکشن میں کچھ غلطیاں ہوئی ہیں۔ ہمیں جن سیٹوں پر شکست ہوئی ہے وہ ہماری اپنی غلطی کی وجہ سے ہے اور اس کی سزا ملی ہے۔ موروثی سیاست کے سوال پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے علاقوں میں پیسوں کی سیاست کم ہوئی ہے تاہم موروثی سیاست ختم ہونے میں ابھی وقت لگے گا۔
عہدے الگ