لاہور (پ ر) مسلمانان برصغیر کیلئے نواب محسن الملک کی خدمات تاریخ میں سنہرے حروف میں رقم ہیں۔ وہ سرسید احمد خان کے دست راست تھے، انہوں نے تحریک علی گڑھ کو کامیاب بنانے کیلئے نمایاںخدمات انجام دی اور اس سلسلے میں مالی اعانت بھی کی۔ دسمبر1906ء میں آل انڈیا مسلم لیگ کے قیام کے وقت نواب محسن الملک اس کے جائنٹ سیکرٹری مقرر ہوئے۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر مبشر صدیق نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں تحریک پاکستان کے رہنما نواب محسن الملک کی 111ویں برسی کے سلسلے میں نئی نسل کو ان کی حیات و خدمات سے آگاہ کرنے کیلئے خصوصی لیکچر کے دوران کیا۔ اس لیکچر کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔پروفیسرمبشر صدیق نے بتایا کہ نواب محسن الملک کا اصل نام سید مہدی علی تھا۔ آپ9دسمبر 1937ء کو اٹاوہ میں پیدا ہوئے۔ فارسی اور عربی کی تعلیم گھر پر حاصل کی۔ بعد میں پھوبند جاکر مولانا عنایت حسین سے تعلیم حاصل کی۔ تنگ دستی کی وجہ سے ملازمت ترک کرکے سترہ برس کی عمر میں دس روپے ماہوار پر ایسٹ انڈیا کمپنی کے ڈسٹرکٹ ریونیو آفس میں کلرک بھرتی ہوگئے۔
نواب محسن الملک نے تحریک علی گڑھ میں نمایاں خدمات انجام دیں: پروفیسر مبشر صدیق
Oct 16, 2018