لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے تیسرے روز اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے پہلے میچ میں سنٹرل پنجاب نے ناردرن کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی‘دوسرے میچ میں سدرن پنجاب نے خیبرپی کے کو چار وکٹوں سے ہرا دیا۔ ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ 59 رنز پر 3 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔ آصف علی اور محمد نواز کے درمیان چوتھی وکٹ کیلئے107 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ 35 گیندوں کاپر آصف علی نے 10 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے93 رنزبنائے۔ محمد نواز نے 50 رنز بنائے۔کپتان عماد وسیم نے آخری اوور میں 5 گیندوں پر 22 رنزجوڑ کر ٹیم کا مجموعہ 222 تک پہنچادیا جبکہ چھ کھلاڑی آئوٹ ہوئے۔ فہیم اشرف نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سنٹرل پنجاب کے 17 رنز پرکپتان بابر اعظم 4 اور کامران اکمل 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ چھٹی وکٹ کیلئے 80‘ احمد شہزاد اور فہیم اشرف کے درمیان57 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ سنٹرل پنجاب نے ہدف ایک گیند قبل حاصل کرلیا۔احمد شہزاد 63گیندوں پر 111رنز بناکر ناقابل شکست رہے ۔رضوان حسین بیس ‘عمر اکمل دس ‘سعد نسیم انتیس‘فہیم اشرف اٹھائیس رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ عماد وسیم نے3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔احمد شہزاد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ دوسرے میچ میں سدرن پنجاب نے 155رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 6 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ خیبرپختونخوا کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ 51 رنز پر 4کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ محمد رضوان نے خوشدل شاہ کیساتھ 83 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا مجموعہ 154 تک پہنچادیا۔ محمد رضوان 45 ‘ خوشدل شاہ نے 32 گیندوں پر ناقابل شکست 56 رنز بنائے۔ وہاب ریاض نے 3 کھلاڑیوں کو پوآئوٹ کیا۔ سدرن کی 51 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ سیف بدر اور عامر یامین نے 55 رنز کی شراکت قائم کرکے پوزیشن مستحکم کردی۔ سیف بدر نے ناقابل شکست 49 رنز بنائے‘ وہاب ریاض نے 17 گیندوں پر 42 رنز بنا کر ٹیم کو جیت سے ہمکنار کردیا۔ سدرن پنجاب نے ہدف 9 گیند قبل 6 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ محمد محسن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔آج پہلے میچ میں خیبرپختونخوا اور سندھ جبکہ دوسرے میں سنٹرل پنجاب اور بلوچستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
قومی ٹی 20ٹورنامنٹ: سنٹرل پنجاب نے ناردرن ، سدرن پنجاب نے خیبر پی کے کو شکست دیدی
Oct 16, 2019