لاہور (کامرس رپورٹر) یوٹیلٹی سٹورز پر ایک مرتبہ پھر اشیاء کی قلت کا مسئلہ سر اٹھانے لگا، چینی اور آٹے سمیت بیشتر دالیں نایاب ہوگئیں، ملازمین کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے بیل آوٹ پیکج دیا ہوتا تو حالات بہتر ہوتے۔ رمضان میں سٹورز پر اشیاء کی فراہمی کا سلسلہ شروع ہوا تھا اب روک دیا گیا ہے۔ ملازمین کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ کمپنیوں کو ادائیگیوں کیلئے پیسے نہیں اس لیے چینی، دالیں اور آٹا نہیں آرہا، دوبارہ سے اشیاء کی قلت ہونے پر حالات خراب ہوجائیں گے اور سیل ٹارگٹ پورے نہیں ہوسکیں گے۔ ملازمین نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بیل آٹ پیکج دینے کے وعدے پر عمل درآمد کیا جاتا تو اشیاء کی سپلائی جاری رہتی۔ دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیاء کی قلت کے باعث ان کی افادیت ختم ہو چکی ہے۔