اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت 400 محکمے بند کررہی ہے۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ نوکریاں حکومت نہیں نجی سیکٹر دیتا ہے۔ یہ نہیں کہ ہر شخص سرکاری نوکر ی ڈھونڈے ۔ حکومت تو 400 محکمے ختم کررہی ہے مگر لوگوں کا اس بات پر زور ہے کہ حکومت نوکریاں دے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ 70 کی دہائی کی سوچ تھی کہ نوکریوں کے لئے حکومت کی طرف دیکھا جائے۔ اب نجی شعبہ نوکریاں دیتا ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ایسا ماحول پیدا کرنا ہے جہاں لوگوں کو روزگار میسر ہوں۔ بعدازاں ٹوئٹر پر اپنے بیان کی وضاحت میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’ میں نے کہا تھا کہ نوکریاں حکومت نہیں پرائیویٹ سیکٹر دیتا ہے، حکومت نے ماحول پیدا کرنا ہے جہاں نوکریاں ہوں، یہ نہیں کہ ہر شخص سرکاری نوکری ڈھونڈے۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ حکومت پر سٹریس ہے کہ وہ نوکریاں دے۔ میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ حکومت تو 400 محکمے ختم کر رہی ہے۔ اگر نوکریوں کے حصول کیلئے گورنمنٹ کی طرف دیکھنا شروع کردینگے تو ہماری اکانومی کا فریم ورک بیٹھ جائے گا۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ دنیا میں گورنمنٹ چھوٹی ہوتی جا رہی ہے۔ یہ چیز لوگوں کے ذہنوں میں ڈالنا بہت ضروری ہے کہ نوکریوں کیلئے حکومت کی طرف نہیں دیکھا جا سکتا۔ تاہم اپنی ایک ٹویٹ میں فواد چودھری نے نوکریوں سے متعلق بیان پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ حیران ہوں ہر بیان کو کیسے سیاق وسباق کے بغیر سرخی بنا دیا جاتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ میں نے کہا تھا کہ نوکریاں حکومت نہیں، پرائیویٹ سیکٹر دیتا ہے۔ حکومت نے ماحول پیدا کرنا ہے جہاں نوکریاں ہوں، یہ نہیں کہ ہر شخص سرکاری نوکری ڈھونڈے۔