جاپان کے وزیراعظم شنزو ایبے نے کہا ہے کہ ان کی حکومت سمندری طوفان ہاگی بیس کو سنگین قدرتی سانحہ قرار دینے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ متاثرہ خطوں میں تعمیر نو کے کام میں سرکاری اعانت میں اضافہ کیا جا سکے۔ انہوں نے یہ بات ایوان بالا کی بجٹ کمیٹی کے اجلاس میں کہی۔ اس موقع پر قانون سازوں نے سمندری طوفان کے ہلاک شدگان کی یاد میں لمحہ بھر کی خاموشی اختیار کی ۔وزیر اعظم شینزو آبے نے کہا کہ حکومت 315 بلدیات کو سنگین سانحہ معاونت کا مستحق قرار دینے کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ وہاں کے حکام کو مالیاتی فکر کے بغیر فوری مرمتی کام کر سکنے میں مدد دی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اس سمندری طوفان کے لوگوں کی روزمرہ زندگی اور معاشی سرگرمیوں پر دیرپا اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں کی وزارتی ٹیم پانی اور بجلی کی فراہمی بحال کرنے کی کوششوں میں فعال کردار ادا کرے گی۔