اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) پاکستان نے بھارتی قابض فورسز کی لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارتکار کی دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے ۔ جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے بھارت سے اشتعال انگیزیوں پر شدید احتجاج،احتجاجی مراسلہ بھارتی سینئر سفارتکار کے حوالے کیا۔ ترجمان کے مطابق بھارتی فورسز نے 14 اکتوبر کو ایل او سی کے جندروٹ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی، قابض بھارتی فورسز کی فائرنگ سے دو شہری شدید زخمی ہو گئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق رواں برس بھارت نے ابتک فائر بندی انتظام کی 2530 خلاف ورزیاں کیں، رواں برس بھارتی اشتعال انگیزیوں میں 19 معصوم شہری شہید اور 197 شدید زخمی ہوئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کا معصوم شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت ہے، بھارتی فورسز مسلسل لائن آف کنٹرول، ورکنگ باونڈری پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں، بھارت کی پے در پے اشتعال انگیزیاں خطے میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں،بھارت ان حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ پاکستان نے مطالبہ کیاکہ بھارت اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے، بھارت 2003ء کے جنگ بندی انتظام کی پاسداری کرے۔ ترجمان نے کہاکہ ہندوستان کا نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین، اقدار کے منافی ہے، اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کو ایل او سی پر کام کرنے دیا جائے۔
بھارتی فوج کی ایل او سی پر سنگین خلاف ورزیاں، سینئر سفارتکاروں کی طلبی، پاکستان کا شدید احتجاج
Oct 16, 2020