لاہور (کامرس رپورٹر)رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں بڑی صنعتوں کی مجموعی پیداوار میں پہلے سے 3.6 فیصد اضافہ رکارڈ کیا گیا ہے۔پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق اگرچہ اگست کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں جولائی کے مقابلے میں 6.8 فیصد کمی دیکھی گئی اور 15 بڑے صنعتی سیکٹرز میں سے 8 کی پیداوار میں 33 فیصد تک کمی رہی تاہم مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں مجموعی طور پر گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 3.6 فیصد اضافہ رکارڈ کیا گیا ۔جولائی اور اگست کے دوران مجموعی طور پر معدنیات کی پیداوار میں 23 فیصد، خوراک اور مشروبات کی تیاری میں 15 فیصد، فارماسیوٹیکل اور پیپر بورڈ سیکٹر کی پیداوار میں 10 اور پیٹرولیم مصنوعات کی تیاری میں 18 فیصد اضافہ ہوا جبکہ اس دوران انجنئیرنگ سیکٹر کی پیداوار میں گزشتہ سال کے 39 فیصد، لیدر سیکٹر کی پیداوار میں گزشتہ سال کے مقابلے 37 فیصد، الیکٹرونک سیکٹر کی پیداوار میں 25 فیصد، آٹو سیکٹر کی پیداوار میں 19 فیصد اور لوہے اور سٹیل کی مصنوعات کی تیاری میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 10 فیصد کمی رہی۔