نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) پڑوسی ملک بھارت میں مسلمانوں کے خلاف جاری منظم تشدد اور قتل و غارت گری کے واقعات پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے مذمت کا اظہار کرتے ہوئے انڈین حکومت سے مسلمانوں کا تحفظ یقینی بنانے کا مطالبہ کردیا۔ جبکہ مسلمانوں کے استحصال اور ان پر منظم تشدد کے خلاف مختلف مشرق وسطیٰ کے ممالک میں انڈیا کی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم بھی شروع ہوگئی۔ رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر مسلمانوں پر منظم تشدد کے خلاف خلیجی ملک کویت کی قومی اسمبلی نے بھارتی مظالم کے خلاف قرار داد منظور کی تھی۔ مسلمانوں پر منظم تشدد اور انہیں مذہب کی بنیاد پر نشانہ بنائے جانے کے خلاف مشرق وسطیٰ کے اہم سکالرز نے حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر پوسٹس کرکے بھارتی اقدامات کی مذمت کی تھی۔ اسی طرح ایک اور سکالر صالح ذیاب المطیری نے بھی بھارتی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے اسلامی ممالک کو اپیل کی تھی کہ وہ انڈیا کے خلاف متحد ہوکر کارروائی کریں۔ سکالرز کی جانب سے بھارتی اقدامات پر اظہار مذمت کیے جانے کے بعد مشرق وسطیٰ کے ممالک میں سوشل میڈیا پر بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم کا ٹرینڈ ٹاپ پر آگیا اور لوگوں نے بھارتی مصنوعات نہ خریدنے کا عہد بھی کیا۔ آسام میں مسلمانوں پر ظلم و ستم پر مشرق وسطیٰ میں بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم عروج پر پہنچ گئی۔ بھارت مسلمانوں کو قتل کرتا ہے۔ ہیش ٹیگ ٹرینڈ پکڑگیا۔ مفتی اعظم عمان نے آسام میں عالمی مداخلت کی درخواست کردی۔
آسام : مسلمانوں پر مظالم او آئی سی کی مذمت ، مشرق وسطیٰ میں بھارتی مصنوعات کی بائیکاٹ مہم شروع
Oct 16, 2021