لاہور (نامہ نگار، اے پی پی) گریٹر اقبال پارک دست اندازی کیس میں ریمبو اور ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کی سب سے اہم آڈیو ریکارڈنگ سامنے آگئی۔ ریمبو نے عائشہ اکرم کو گریٹر اقبال پارک جانے پر رضا مند کرتے ہوئے کہا کہ 4 بجے تک پارک پہنچ جانا، اقبال پارک پہنچ کر تم اپنی ریٹنگ دیکھنا۔ عائشہ اکرم نے کہا کہ میں نے 14 اگست کے لیے الگ سوٹ نکالا ہے، تم نے پہلے میری جتنی عزت کرائی ہے مجھے پتہ ہے۔ ریمبو نے عائشہ سے کہا کہ ہمارے پاس قانونی سکیورٹی موجود ہے، جو فراک میں نے تمہیں دی ہے وہ پہن کر جانا، میں نے بھی نیا سوٹ نکالا ہے، تم بس اپنی شہرت اور عوام کا پیار چیک کرنا۔ دوسری جانب اے پی پی کے مطابق لاہور کی ضلع کچہری میں مقامی جوڈیشل عدالت نے مینار پاکستان پر ٹک ٹاکر عائشہ اکرم سے بدتمیزی کیس میں گرفتار ملزم ریمبو سمیت 8 ملزمان کی مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے تمام ملزمان کو چودہ روز کے لئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ جمعہ کے روزجوڈیشل مجسٹریٹ حسن سرفراز چیمہ نے کیس کی سماعت کی۔لاہور سے نامہ نگار کے مطابق علاوہ ازیں ٹک ٹاکر عائشہ اکرم نے گزشتہ روز ڈی آئی جی انوسٹی گیشن لاہور شارق جمال خان سے ملاقات کی۔ مبینہ مرکزی ملزم ریمبو 13 کی آڈیو بھی پولیس کو پیش کی۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ مدعیہ عائشہ اکرم نے پولیس کی مدد کر کے حقیقت سے پردہ اٹھایا ہے۔ اسے مکمل تحفط دیا جائے گا۔ عائشہ سے زیادتی ہوئی ہے، اس نے خود ایسا کوئی کام نہیں کیا کہ اسے شامل تفتیش کیا جائے۔اس وقعہ کو پلان کرنے والے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
’’عوام کا پیار چیک کرنا‘‘ ریمبو اور ٹک ٹاکر کی اہم آڈیو ریکارڈنگ سامنے آگئی
Oct 16, 2021