لاہور (خصوصی رپورٹر) شہباز شریف نے بجلی، پٹرول اور ٹیکس میں اضافے کو منی بجٹ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ حکومت منی بجٹ لائے گی، اب یہ بات سچ ثابت ہوگئی۔ حکومت نے بجٹ کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا۔ یہ حکومت چلے گی تو غریب کی روٹی، روزگار اور کاروبار نہیں چلے گا۔ عمران نیازی آئی ایم ایف کی قربان گاہ پر معیشت اور قوم کو قربان کررہے ہیں۔ بجٹ تقریر میں میں نے جو کچھ کہا تھا وہ سچ اور حکومت جھوٹی ثابت ہوگئی۔ عمران خان پاکستان اور عوام کے لئے نہیں بلکہ آئی ایم ایف کے لئے کام کررہے ہیں۔ ٹیکس چھوٹ والی اشیاء پر 17 فیصد سیلز ٹیکس لگانے، پٹرول، بجلی کی قیمت میں اضافہ عوام اور معیشت کے خلاف دہشت گردی ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی پہلے ہی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔ حکومت نے ایک نیا بم پھینک دیا ہے۔ آئی ایم ایف کی شرائط پر اندھا دھند عمل کرنے والی حکومت نے عوام کے مفاد کا خیال نہیں رکھا۔ عمران نیازی خود ایسے اقدامات کررہے ہیں جس سے مہنگائی بڑھتی ہے، پھر قوم سے شکوہ کرتے ہیں کہ عوام کو مہنگائی بڑھنے کی وجوہات سمجھ نہیں آرہی۔ قوم کو اچھی طرح سمجھ آرہی ہے کہ ان کے ساتھ کیا ہورہا ہے اور کون یہ ظلم ہر روز ڈھا رہا ہے۔ مسئلہ قوم کی سمجھ کا نہیں بلکہ حکمرانوں کی کرپشن، جھوٹ اور تاریخی نالائقی ونااہلی کا ہے۔ پاکستان اور قوم کو حکمرانوں کی نالائقی، نااہلی اور کرپشن کی کڑی سزا مل رہی ہے۔ حکومت کو یہ احساس نہیں کہ عوام کا گزارہ نہیں ہو رہا۔ حکومت تین سال سے قوم کو چکر پہ چکر دے رہی ہے۔ ٹیکس، مہنگائی، قرضے بڑھتے جا رہے ہیں۔ اتنی سنگین مہنگائی ملک کی معاشی وائیبیلٹی کا سنگین مسئلہ پیدا کر رہی ہے جو پاکستان کے لئے نیک فال نہیں۔ پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ مسترد کرتے ہیں، حکومت یہ ظالمانہ فیصلہ واپس لے۔