نوجوان نسل کو سیرت طیبہ کے مطابق ڈھالنا ہوگا: خیال احمد کاسترو

لاہور ( سپیشل رپورٹر) صوبائی وزیر برائے ثقافت خیال احمد کاسترو نے کہا ہے کہ سیرت النبی ؐکو مشعل راہ بناتے ہوئے ہم اپنی سمت کو درست کرنے میں کامیاب ہو سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان اقبال لاہور میں بین المکاتب نعتیہ مقابلہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ریاست مدینہ کے اصل ویژن کے مطابق ملک کو ایک ایسی اسلامی فلاحی ریاست بنانا مقصود ہے جس کے بارے میں ہمیں ساڑھے 14سو سال قبل بتایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل دراصل صحیح رہنمائی کی متلاشی ہوتی ہے اسی لیے ہمیں اپنی نوجوان نسل کی مثبت تربیت کرتے ہوئے انہیں کو سیرت طیبہ  کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ربیع الاول کے ماہ کو جوش و خروش کے ساتھ منا رہی ہے اور اس ضمن میں ہم یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے مشکور ہیں جنہوں نے نعتیہ مقابلہ کی تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر عبدالمنان خرم نے کہا کہ ہمارا مقصد نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کا حصہ بنانا ہے اور آج کی تقریب بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی رکن اسمبلی نیلم حیات نے کہا کہ نوجوان نسل کو سنت رسول ؐ پر عمل پیرا ہو کر ملک کو ریاست مدینہ کے مطابق بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ تقریب سے چیئرمین کل مسالک علما بورڈ مولانا عاصم مخدوم اور خطیب جامعہ مسجد گورنر ہائوس قاری محمد اسماعیل نے بھی خطاب کیا۔ 

ای پیپر دی نیشن