لندن (نیٹ نیوز) عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ نے اپنی شادی ختم ہونے کے ڈیڑھ دہائی بعد انکشاف کیا ہے کہ انہیں ان کے شوہر کو سیاسی طور پر نشانہ بنانے کے لیے ’آلے‘ کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔ برطانوی اخبار کو انٹرویو میں کہا کہ خود سے دگنی عمر کے شخص سے شادی کرنے کا فیصلہ آسان نہ تھا اور جن سے انہوں نے شادی کی وہ کوئی عام شخص نہیں تھے۔ جمائما گولڈ سمتھ کے مطابق انہوں نے 21 سال کی عمر میں خود سے دگنی عمر کے ایسے شخص سے شادی کی تھی جو سیاسی طور پر مضبوط شخص تھے۔ انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ان پر نوادرات کی سمگلنگ کا الزام لگایا گیا تھا، جس کی وجہ سے انہیں جلدی میں پاکستان چھوڑنا پڑا تھا، کیوں کہ مذکورہ الزام ان چند جرائم میں سے ایک ہے، جن کی پاکستان میں ضمانت نہیں ہوتی۔ جمائما نے بتایا کہ عمران خان سے شادی کرکے جب وہ پاکستان منتقل ہوئیں تو بھارت میں موجود ان کی بہن سے لوگ پوچھتے تھے کہ ان کی بہن کس طرح پاکستان چلی گئیں؟۔ انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ پاکستان منتقلی کے بعد ان کی ’ارینج میرج' سے متعلق سوچ تبدیل ہوئی، پہلے وہ صرف محبت یا پسند کی شادیوں پر یقین رکھتی تھیں مگر انہوں نے پاکستان میں کئی ارینج میرجز ہوتے دیکھیں۔ عمران خان کے دوستوں کے بچے بضد ہوتے تھے کہ اگر ان کی ارینج میریج کرائی جا رہی ہے تو جمائما کو اس میں شامل کیا جائے ورنہ وہ شادی نہیں کریں گے۔
عمران کو نشانہ بنانے کیلئے مجھے آلے کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا: جمائما
Oct 16, 2021