لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک پر 35سال جرنیلوں نے اور بقیہ عرصہ جرنیلوں کے پروردہ لوگوں نے حکومت کی۔ سٹیٹس کو کو بحال رکھنے کے لیے حکمران اشرافیہ ہمیشہ ایک پیج پر ہوتی ہے۔ جس ملک کی خاطر کروڑوں اسلامیان برصغیر نے قربانیاں دیں وہاں ظالمانہ نظام نافذ ہے۔ مغل شہزادوں سے نجات کا وقت آ گیا ہے۔ پارلیمنٹ میں ایک قانون بھی عوام کے لیے نہیں بنا۔ معیشت کی تباہی کے بعد ملک کی نظریاتی اساس سے کھیلا جا رہا ہے۔ بجلی کی قیمت میں ڈیڑھ روپے فی یونٹ اضافہ ظلم ہے۔ آئی ایم ایف کے حکم پر بجلی پر سبسڈی عملاً ختم کر دی گئی، ملکی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے۔ پاکستان کے مسائل کا حل ظالم اشرافیہ اور سٹیٹس کو سے نجات میں ہے۔ انہوں نے جامعہ مسجد حنفیہ لبرٹی مارکیٹ میں ’’عشق مصطفی…نظام مصطفی‘‘ کے موضوع پر ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ پاکستان نعمت خداوندی ہے۔ عشق رسول کا تقاضا ہے کہ اس ملک میں رسول پاک کا دیا گیا نظام نافذ ہو۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے مدینہ کی ریاست کا نام لے کر عوام سے جھوٹ بولا۔ موجودہ حکمرانوں میں اہلیت نہیں کہ ملک کو مدینہ کی ریاست میں تبدیل کر سکیں۔ جماعت اسلامی مسلسل پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے کوشش کر رہی ہے۔ ہم عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ آزمائے ہوئے جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کو مسترد کریں اور جماعت اسلامی کو موقع دیں۔ گزشتہ تین برسوں میں سو سے تین سو فیصد اضافہ ہوا۔ ادویات کی قیمتیں 14بار بڑھیں۔ گیس کے ذخائر تلاش کرنا ہوں گے۔ ان حکمرانوں کو عوام کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔ وہ پارٹیاں جنھوں نے ماضی میں حکمرانی کے مزے لیے وہ بے قصور اور عوام کے ہمدرد بننے کی کوشش نہ کریں۔
بجلی مزید مہنگی کرنا ظلم‘ آئی ایم ایف کے حکم پر سبسڈی عملاً ختم: سراج الحق
Oct 16, 2021