ڈاکٹر عبدالقدیر نے صحیح معنوں میں خود کو محسنِ پاکستان ثابت کیا: ناصر بنگو 

اٹک(نامہ نگار) نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی ڈویڑن وسابق امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی 3 سردار ناصر خان بنگو نے کہا ہے کہ قائدِ اعظم کے بعد ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے صحیح معنوں میں اپنے آپ کو محسنِ پاکستان ثابت کیا۔ وہ ایک ایسے قومی ہیرو تھے جنہوں نے مملکتِ خداداد پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنادیا اور ہمیں اقوامِ عالم میں سر اٹھا کر چلنے کا حوصلہ دیا۔ صرف پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ کے وزیرِ اعلیٰ کو کراچی سے اسلام آباد جا کر مرحوم کی نمازِ جنازہ اور تدفین میں شرکت کے لیے بھیجا۔ انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں ہمیشہ اپنے محسنوں کو یاد رکھتی ہیں۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کو مسلم امہ کی پہلی ایٹمی قوت بنایا۔ ان کی ملک و قوم اور ملتِ اسلامیہ کے لیے انجام دی جانے والی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ پوری قوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو عزت اور احترام کی نگاہوں سے دیکھتی ہے۔ اپنے طرزِ عمل سے حکمرانوں نے خود کو قوم کا مجرم بنا دیا ہے۔ تدفین کے موقع پر کسی بھی حکومتی نمائندے کا موجود نہ ہونا ایک لمحہ فکریہ ہے۔ پاکستان کا ہر فرد ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا مقروض ہے ان کی کاوشوں سے ہم دشمنانِ وطن کے سامنے سینہ تان کر کھڑا ہونے کے قابل ہوئے ۔

ای پیپر دی نیشن