معیشت مستحکم بنانے کیلئے خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ ہونا چاہیے، جیفری 

اسلا م آباد(نا مہ نگار)آسٹریلوی ہائی کمشنر  جیفری شاہ نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا چاہیے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے لوک ورثہ کمپلیکس میں سماجی تنظیم پودا کی جانب سے منعقدہ چودھویں سالانہ دیہی رہنما عورتوں کی کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر ٹا مس سیلر، ڈپٹی ہیڈ آف ڈیلیگیشن یورپی یونین نے کہا کہ پودا خواتین کے حقوق کے لیے دن رات محنت کر رہا ہے اور ہم ان کی کاوشوں کو سراہتے ہیں ۔سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان ظفر اقبال کا کہنا تھا کہ خواتین کو جمہوری عمل کا حصہ بنایا جائے اور جمہوریت کے تحت ان کو نمائندگی بھی دی جائے۔ عالمی دن برائے دیہی خواتین کے موقع پر 109اضلاع سے 501سے زائد اور ہر شعبے سے تعلق رکھنے والی خواتین نے کا نفرنس کے آخری روز شرکت کی۔تین روزہ کانفرس کو گلوبل الائنس فارامپروڈنیوٹریشن ، اقوام متحدہ ، یوپی یونین اور الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تعاون کیا۔کانفرنس کا مقصد دیہی خواتین کی معاشی حالت کو بہتر بنانے ،زراعت کے شعبے میں دیہی خواتین کے کردار کو سراہنے ،دیہی خواتین پر ہونے والے تشدد کی مذمت، ملکی معیشت کی بہتری کے لیے ان خواتین کے کردار اور ان کی اہمیت کو تسلیم کرنے کے لیے شرکا نے پرزور الفاظ میں خواتین سے  نہ صرف اظہارِ یکجہتی کیا بلکہ قدم سے قدم ملانے کا عزم بھی کیا۔ سماجی تنظیم پودا کی صدر ثمینہ نذیر نے کانفرنس میں موجود خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیہی خواتین کو مرکزی دہارے میں لانے کیلئے انکے مسائل کو اجاگرکرنے کے حوالے سے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کے مجھے خوشی ہے کہ آج کی خواتین کو اپنی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ اپنے حقوق کا بھی علم ہے۔ کانفرس میں ملک بھر سے خواتین نے شرکت کی اور مختلف سٹالز بھی لگائے۔ تقریب کے اختتام پر ایوارڈز بھی تقسیم کیے گئے۔کانفرس کا اختتام مشترکہ اعلامیہ سے کیا گیا جس میں کہا گیا کہ عورتوں کی جبری تبدیلی مذہب اور کاروکاری جیسی رسومات کا خاتمہ ہونا چاہیے، صنفی و گھریلو تشدد کے لیے فوج داری ،قانون سازی کی جائے اور معاشی میدان میں بھی خواتین کو کام کرنے کے مناسب مواقع فراہم کیے جا ئیں۔

ای پیپر دی نیشن