سابق امریکی صدر بل کلنٹن  کیلیفورنیا کے ہسپتال میں داخل

Oct 16, 2021

لاس اینجلس(شِنہوا)سابق امریکی صدر بل کلنٹن کو کرونا وائرس سے غیر متعلقہ انفیکشن کے باعث جنوبی کیلیفورنیا کے ہسپتال میں داخل کر لیا گیا ہے۔بل کلنٹن کے ترجمان اینجل یورینا نے ٹویٹ کیا ہے کہ 42ویں امریکی صدر کو منگل کی شام لاس اینجلس شہر کے جنوب مشرق میں واقع یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے اروین میڈیکل سنٹر میں داخل کیا گیا ہے۔یورینا نے کہا کہ 75سالہ بل کلنٹن کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے اور اس پر وہ طبی ٹیم کے بے حد شکرگزار ہیں۔انہوں نے بعد میں کلنٹن کے ذاتی معالج کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سابق صدر کو قریبی نگرانی کیلئے ہسپتال میں ہی رکھا گیا ہے اور انہیں آئی وی اینٹی بائیوٹکس اور ادویات دی جا رہی ہیں۔ڈاکٹروں نے سی این این کو بتایا کہ رازداری اور حفاظت کے پیش نظر بل کلنٹن کو انتہائی نگہداشت یونٹ میں رکھا گیا ہے۔ معاملے سے واقف ایک شخص نے دی ہل کو بتایا کہ انہیں سیپسس کی وجہ سے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔یورینا نے یہ بھی کہا کہ سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن بھی کیلیفورنیا میں ہیں۔

مزیدخبریں