اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ)منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال ملک ظہیر عباس کھوکھر نے کہاہے کہ خاتم الانبیا ء حضرت محمدکی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے سے ہی ہم کامیابی اور فلاح کے راستے پر چل سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ترلائی میں قائم پناہ گاہ میں منعقدہ محفلِ میلاد میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پناہ گاہ میں جشن عید میلاد النبی کے حوالے سے منعقدہ اس خصوصی محفل میں دیہاڑی داروں، مزدوروں اور دوسرے مستحق افراد کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔ پاکستان بیت المال کی طرف سے منعقدہ اس محفل میلاد میں تلاوت کلام پاک کے بعد درودو سلام پیش کیے گئے، جس کے بعد غریب مزدور اور مستحق افراد کی ایک کثیر تعداد نے کھانا کھایا۔ منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال ملک ظہیر عباس کھوکھر نے اپنے ہاتھوں سے مستحقین میں کھانا تقسیم کیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم۔ڈی پاکستان بیت المال نے کہا کہ کمزور افرادکی دیکھ بھال اور ان کے لیے آسانیاں پید ا کرنے سے ہی ہم اللہ اور اس کے رسو ل کی خوشنودی حاصل کر سکتے ہیں، اس موقع پر ملکی سلامتی و خوشحالی کے لیے بھی دعائیں بھی مانگی گئیں۔