راولپنڈی (جنرل رپورٹر) محمدی مسجد لالکڑتی میں میلاد النبیؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز مذہبی سکالر علامہ پیر سید اظہار بخاری نے کہا ہے کہ ربیع الاول کا چاند نظر آتے ہی پوری کائنات میں رحمتوں کی بہار آجاتی ہے ۔قوم سبز گنبد ؐ کے مکین سے رشتہ جوڑ لے ، سبز پرچم قیامت تک لہراتارہے گا،ربیع الاول ملاپ کا اور نفرتیں مٹانے کا مہینہ ہے ،یہ وہ مبارک مہینہ ہے ،جن ؐ کی آمد کی خوشی میں اللہ تعالی خود ہی گلشن کائنات کو سجا دیتا ہے،اس مبارک گھڑی میں ہم جتنی بھی خوشی منائیں ، کم ہے ،لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے ،کہ ہم ان مبارک لمحوں کو کیسے گزاریں ، جشن میلاد ؐ کے ساتھ مشن مصطفی ؐ بھی پورا ہو جائیگا ، اظہار بخاری نے کہامبارک ہیں ،وہ زبانیں جن میں عشق رسولؐ کا ذکر ہوتا ہے ۔اتباع رسول ؐ ہی اصل دین ہے ۔اگر دل میں عشق رسول ؐ کے گلاب نہیں کھلتے ، قلب و نظر کی دنیا حُب رسولؐ کی خوشبو سے معطر نہیں ہوتی ۔تو پھر ایسی بے روح عبادتوں کا کوئی فائدہ نہیں ۔حُب رسولؐ کی خوشبو سے عذاب قبر کے کیڑے قریب نہیں آتے ۔ اس بات کی کو شش کی جائے ، کہ اپنی مختصر زندگی حُب رسولؐ اور شریعت مصطفیؐ کے مطابق گزاری جائے ۔ اسی میں ہی ہم سب کی نجات کی ہے ۔آخر میں اظہار بخاری نے ملکی استحکام کیلئے خصوصی دعا کی ۔