امریکہ عالمی امن کیلئے خطرہ ایٹمی اثاثوں پر حکومت سخت مذمتی بیان جاری کرے :سراج الحق

Oct 16, 2022


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے حکمران عوام کے نہیں استعمار کے نمائندے، امریکی صدر سے ہاتھ ملا لینا ان کے لیے سب سے بڑی کامیابی ہے۔ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے اصل مقاصد کا سب کو پتا ہے، اکیسیویں صدی ہے، قوم ان غلام ابن غلام استعمار کے وفاداروں کے چہروں کو پہچان چکی، سب کو معلوم ہے دونوں اطراف اسٹیبلشمنٹ سے دودھ کی بوتل حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ 65 فیصد یوتھ مسائل میں گھرے ملک کے لیے امید کی کرن ہے۔ نوجوانوں کو منظم کریں گے، 30 اکتوبر کو مینار پاکستان تلے ملک بھر سے نوجوانوں کو اکٹھا کررہے ہیں۔ یقین ہے پاکستان زندہ آباد یوتھ لیڈر شپ کنونشن ملک میں نئی صبح کا آغاز ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گریٹر اقبال پارک میں یوتھ کنونشن کی تیاریوں کے جائزہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر العظیم، جاوید قصوری، قیصر شریف، ذکراللہ مجاہد، زبیر گوندل اور دیگر قیادت بھی موجود تھی۔ امیر جماعت نے امریکی صدر کے بیان جس میں انھوں نے پاکستان کے ایٹمی ہتھیاروں کو دنیا کے لیے خطرہ کہا ہے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انھوں نے کہا کہ 22 کروڑ پاکستانی جوبائیڈن کے بیان کو مسترد کرتے ہیں۔ پاکستان ایک اسلامی ملک ہے جو امن، سلامتی اور خوشحالی کا علمبردار ہے، دنیا کے امن کو خطرہ امریکہ سے ہے، یہ امریکہ ہی تھا جس نے جاپان پر ایٹمی حملہ کرکے لاکھوں معصوموں کا قتل عام کیا۔ حکومت عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے فوری طور پر سخت مذمتی بیان جاری کرے۔ انھوں نے وفاقی شرعی عدالت کے سابق چیف جسٹس محمد نور مسکن زئی کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ کراچی، اندرون سندھ اور بلوچستان بھی مسائل کے انبار بنے ہوئے ہیں۔ ملک میں آئین و قانون کی نہیں افراد اور خاندانوں کی حکمرانی قائم ہے۔ مافیاز، جاگیرداروں وڈیروں نے قوم کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ ملک کا نوجوان حالات سے پریشان اور مایوس ہو چکا ہے۔ ذہین نوجوان یا تو ملک سے بھاگ رہے ہیں یا ڈپریشن کا شکار ہو کر نشہ کے عادی بن چکے ہیں۔ بنکوں سے نوجوانوں کو قرضے کے وعدے کرکے سود کی لعنت ساتھ ملا دی گئی۔ نوجوانوں کے لیے تعلیم مہنگی اور صحت مندانہ سرگرمیوں کی عدم دستیابی ہے۔ تعلیمی اداروں میں نشہ فروخت ہو رہا ہے۔ آڈیو لیکس کی سیاست عوام کے لیے نہیں، سبھی ایکسپوز ہورہے ہیں۔ جو حکمران اپنے دفاتر اور گھروں کی حفاظت کرنے سے قاصر ہیں وہ ملک کی حفاظت کیسے کریں گے۔ مزید برآں یوتھ لیڈر شپ کنونشن کی تیاریوں کے لیے سیکیورٹی، میڈیا سمیت تمام کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ کنونشن میں مختلف اسلامی ممالک کی یوتھ لیڈرشپ کو بھی مدعو کیا گیا‘ ایوارڈر اور انعامات بھی دیئے جائیں گے۔ امیر جماعت ایک روزہ کنونشن سے کلیدی خطاب اور آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔

مزیدخبریں