راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ امریکہ کا اصل نشانہ ہمارا نیوکلیئر پروگرام ہے ہماری، معاشی، سیاسی،اقتصادی تباہی اس کی ابتدا ہے کرپٹ سیاستدانوں کو مسلط کرنا پہلا قدم ہے لال حویلی سے جاری بیان میں انہوں نے کہا ملک میں عدم اعتماد، خانہ جنگی اور تفرقہ بازی کرانا دوسرا قدم ہے جمہوریت رہے نہ رہے ان کے ایجنٹ مسلط رہ جائیں قوم فیصلہ کرے غیرت سے رہنا ہے یا غلام بن کر رہنا ہے شیخ رشید احمد نے کہا کہ جو بائیڈن کے بیان نے پاکستان میں تبدیلی کی وجہ بتادی ہے جن کے پیسے اور جائیدادیں ان کے ملکوں میں ہیں ان کو ایٹمی ٹیکنالوجی کی پرواہ نہیں ہم روائتی اسلحہ میں ہندوستان کا مقابلہ نہیں کر سکتے اس لئے ایٹمی ٹیکنالوجی ہی پاکستان کی سالمیت کی ضامن ہے کل دو بجے لال حویلی میں اہم پریس کانفرنس کروں گا شیخ رشید احمد نے کہا کہ پی ڈی ایم کا سیاسی جنازہ نکل گیا ہے جو بھی ان کو سہارا دے گا اپنی عزت اور وقار نیلام کرے گا اپنے ذاتی مفاد کے لئے قوم کو سامراجی طاقتوں کا غلام بنا رہے ہیں وزیر خارجہ اپنے ملک سے لاپتہ ہیں ان کا چورن کہیں نہیں بک رہا پی ڈی ایم کے اندر سے حق سچ کی آوازیں آنا شروع ہو گئی ہیں انشااللہ نومبر تک آر یا پار ہوجائے گا ۔ شیخ رشید احمد نے کہا ڈار کے آنے کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر ایک ارب ڈالر کم ہو گئے ہیں آئی ایم ایف کے پیسے ختم اور کہیں سے مدد نہیں مل رہی حالات سنگین سے سنگین تر ہوتے جا رہے ہیں پی ڈی ایم کی ہچکیاں اور سسکیاں عوام کا راستہ نہیں روک سکتیں انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی بجلی، پٹرول اور آٹے کے ہاتھوں کرش ہیں اب طاقت سے کس کس کو کرش کرنا ہے۔
امریکہ کا اصل نشانہ ہمارا نیوکلیئر پروگرام ہے، شیخ رشید
Oct 16, 2022