لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مشیرِ داخلہ و اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اعلیٰ وفاقی حکومتی شخصیات کی امریکہ یاترا کے فوراً بعد امریکی صدر کا بیان وفاقی حکومت کی بڑی سفارتی ناکامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پہلی بار امریکی غلامی نامنظور کا نعرہ لگا کر ایک خوددار خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی۔ امریکہ کی پانچ ارب ڈالر کی پیشکش ٹھکرانے اور 'ایبسولوٹلی ناٹ' کہنے کے دعویدار آج چپ سادھے کیوں بیٹھے ہیں؟ عمر سرفراز چیمہ نے یہ بھی کہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کا 26 سالہ تجربہ رکھنے والا جینیئس اسحاق ڈار آئی ایم ایف سے مذاکرات کرنے میں پہلے ہی ناکام ہو چکا۔ عمر سرفراز چیمہ نے مزید کہا کہ پہلے آئی ایم ایف نے بارہ رنگی حکومت سے مذاکرات سے انکار کیا، اب امریکہ نے پاکستان کی سلامتی پر سوال کھڑے کر کے وفاقی حکومت کو مزید ننگا کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو معاشی اور سفارتی طور پر مفلوج کرنا رجیم چینج سازش کا آخری حصہ ہے، جبکہ پی ڈی ایم کا سارا زور ملکی دفاع اور معیشت کو مضبوط بنانے کی بجائے جعلی مقدمے بنانے اور اپنی جیبیں بھرنے پر ہے۔ کے پی کے اسمبلی میں پی ڈی ایم جماعتوں کے ارکان نے سیلاب زدگان کے لیے اپنی تنخواہوں سے کٹوتی نہ کرنے کی درخواست کر کے بے حسی کا ثبوت دیا ہے۔