اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار)چار روزہ بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022، 15سے18نومبر2022کو کراچی ایکسپو سنٹر میں منعقد ہو گی انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینار جنوبی ایشیا کا ایک اہم ایونٹ ہے جو ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کے تحت منعقد کیا جاتا ہے۔تفصیلا ت کے مطا بق کورونا کی عالمی وباء کے باعث2020میں نمائش کا انعقاد نہیں ہو سکا تھا اور اس سال یہ نمائش 4سال کے تعطل کے بعد منعقد کی جا رہی ہے۔ آئیڈیاز آغازسال2000میں ہوا۔جس کے بعد سے دفاعی مصنوعات بنانے والے اداروں، انٹر پرنیورز، ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ ماہرین، مالیاتی ماہرین اور سر فہرست پالیسی میکرز کیلئے تعاون کے فروغ، معلومات کے تبادلے اور دفاعی شعبہ میں اشتراک عمل کو فروغ دینے کا اہم ایونٹ بن کر اْبھرا ہے۔آئیڈیاز 11ویں ایڈیشن کا انعقاد ٹیکنالوجی کے تبادلے اور فروغ کیلئے ہمارے عزم کی ترجمانی کرتا ہے۔ یہ ایونٹ عالمی امن، استحکام اور توازن کے مشترکہ مقاصد کو حاصل کرنے میں معاون ہونے کے ساتھ عالمی برادری کے ساتھ پاکستان کے اسٹریٹجک تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ آئیڈیاز اب تک ہونے والے تمام ایڈیشنز حکومتی محکموں، مسلح افواج، سرکاری اور نجی دفاعی صنعت، تجارتی انجمنوں بالخصوص کراچی کے شہریوں کی بھرپور سپورٹ کی وجہ سے بھرپور کامیابی سے منعقد ہوئے ۔ آئیڈیاز2018 میں 45ممالک کے524 نمائشی وفود نے شرکت کی تھی۔اس کے ساتھ ساتھ262سے زائد اعلیٰ سطح کے وفود نے نمائش کا دورہ بھی کیا تھا۔چین، جمہوریہ چیک، فرانس، جرمنی، اٹلی، اْردن، پولینڈ، روس، جنوبی کوریا، ترکیہ، متحدہ عرب امارات، یوکرین، امریکہ اور میزبان پاکستان جیسے ممالک نے ایکسپو سنٹر میں اپنے خصوصی ملکی پویلین قائم کئے ہیں۔پاکستان آرمی پویلین، آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف ری ہیبیلیٹشن میڈیسن، نیشنل لاجسٹکس سیل، اینٹی نارکوٹکس فورسز، فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن، کاؤنٹر آئی ای ڈی آرگنائزیشن اور ملٹری ٹریننگ ڈائریکٹوریٹ کے سٹالز پر مشتمل ہے۔ دفاعی شعبے میں پاکستان کی برآمدات کو بڑھانے کے لیے آئیڈیاز 2022 کیدوران نمائش کے لئے مقامی طور پر تیار کی گئی بڑی دفاعی مصنوعات جن میں الخالد ٹینک، JF-17، Jet Trainer Air Craft K-8اورUAV’sکو نمائش کیلئے پیش کیا گیا۔ آئیڈیاز بین الاقوامی مندوبین اور نمائندوں کے لئے پاکستان کی دفاعی تیاری اور تربیتی صلاحیتوں کے بارے میں تفصیلی جائزہ لینے کا ایک منفرد موقع ہے۔پاکستان میں منافع بخش سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور پاکستان کی دفاعی صنعت ترقی کے مراحل تیزی سے طے کر رہی ہے۔ بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز انعقاد دِفاعی صنعت میں نمایاں کامیابیوں کا ثبوت جبکہ غیر ملکی وفود کی اس میں شرکت پاکستان کے لئے باعث ِ فخر ہے۔
4 روزہ بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022‘ 15نومبر سے شروع ہو گی
Oct 16, 2022