سیلاب زدگان کی مددسے انکار پر اپوزیشن کا رویہ افسوسناک ہے :تیمورجھگڑا


پشاور(بیورورپورٹ)خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے سیلاب زدگان کی مدد سے انکار پر اپوزیشن کے رویے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن صوبے کے سیلاب متاثرین کی مدد نہیں کرنا چاہتی ان کی مرضی۔ اگر ان کو شفافیت پر شک ہے تو ہم تسلی کروا لیتے ہیں، ہم نے فنڈز کی تقسیم اور منتقلی کیلئے شفاف مکینزم بنایا ہے۔وزیر خزانہ نے مزید بتایا کہ صوبائی وزرائ، ارکان اسمبلی اور ملازمین نے اس کارخیر میں اپنا بھرپور حصہ ڈالا، میں نے خود اپنی دو مہینے کی تنخواہ وزیر اعلی فنڈ میں دینے کا فیصلہ کیا ہے،سیلاب زدگان کی بحالی قومی مسئلہ ہے اس پر سیاست نہیں کرنی چاہئیے،سیلاب زدگان کی مدد سے انکار پر اپوزیشن کا اصل چہرہ سامنے آگیا۔ تیمور جھگڑا نے بتایا کہ وفاق نے صوبے کو بجلی کے خالص منافع کی ادائیگی روک کر صوبے کو مسائل کا شکار کیا ہے۔ اپوزیشن کے انکار سے پیدا ہونے والی کمی خود اور دوستوں کی مدد سے پورا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام 51 اپوزیشن ارکان نے اس سلسلے میں صوبائی  اسمبلی میں درخواست جمع کرا دی اور اپنی تنخوائیں واپس مانگ لیں۔ اندازے کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ میں سیلاب نے 521 ارب سے زیادہ کا نقصان کیا ہے۔ یاد رہے کہ خیبر پختونخواہ حکومت نے تمام سرکاری ملازمین، ارکانِ اسمبلی اور صوبائی وزرا کی تنخواہوں کا کچھ مخصوص حصہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لئے فنڈ میں دینے کا اعلان کیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن