کراچی(نیوز رپورٹر)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ہم اپنے شہداءکے مشن کو مرتے دم تک جاری رکھیں گے۔ پی ایس ٹی کے قائدین اور کارکنان کی شہادتوں کے سفر کو ہم نے اپنے سروں پر کفن کی صورت میں باندھا ہوا ہے اور ہم اس ملک میں نظام مصطفی کے نفاذ تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے،ان خیالات کا اظہار انہوںنے پی ایس ٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں کراچی کے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ آج ہمارے حکمران ریاست مدینہ کی باتیں ضرور کررہے ہیں لیکن وہ ریاست مدینہ کی بجائے اپنی پالیسیوں کو یہود و نصاریٰ کے اشاروں پر چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہماری صوبائی اور وفاقی حکومتیں صرف اور صرف اقتدار کی حوس میں مبتلا ہیں اور جو صورتحال ان کے باعث عوام کو بھگتنا پڑ رہی ہیں اور جس مہنگائی کے سونامی نے آج اس ملک کے عوام کومہنگائی کے دلدل میں دھکیل دیا ہے اس کا واحد حل صرف اور صرف حقیقی نظام مصطفی کا ملک میں نفاذ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کراچی سمیت سندھ بھر میں عوام گیس، بجلی، مہنگائی اور اسٹریٹ کرائم میں پھنس چکی ہے اور اس کے مکمل ذمہ دار صرف اور صرف حکمران ہیں۔ انہوںنے کہا کہ انشاءاللہ پاکستان سنی تحریک کل بھی اپنے شہید قائدین کے مشن کو لے کر چلی تھی اور آج بھی ہم اسی مشن پر گامزن ہیں اور تمام تر رکاوٹوں اور مشکلات کے باوجود ہم اس ملک میں حقیقی نظام مصطفی کے نفاذ پر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔
شہداءکامشن مرتے دم تک جاری رکھیں گے، ثروت اعجاز قادری
Oct 16, 2022