حیدر آباد میں بلدیاتی اداروں کی نااہلی سے بیماریاں پھیل رہی ہیں، عمران قریشی

Oct 16, 2022


حیدرآباد(بیورو رپورٹ)پاکستان تحریک انصاف حیدرآباد کے سینئر رہنما عمران قریشی نے کہاکہ حیدرآباد کی ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کی نااہلی کے باعث سردی کے آغاز سے قبل ہی ڈینگی مچھر نے سر اٹھالیا ہے، آئے روز ڈینگی کے کاٹنے سے اموات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جبکہ بلدیہ اور ضلعی انتظامیہ اس سلسلے میں کوئی تدراک کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔بارشوں کے بعد سیوریج کے پانی کی عدم نکاسی پر تیزی سے مختلف حشرات الارض نے جنم لیا ہے جس کے کاٹے سے جلد، الرجی سمیت مختلف بیماریوں نے جنم لیا ہے جس کی روک تھام میں بلدیہ اور ضلعی انتظامیہ مکمل طورپر ناکام رہی ہے اس کے علاوہ جوں جوں موسم تبدیل ہورہا ہے ڈینگی کی آمد نے لوگوں میں خوف پیدا کردیا ہے، بلدیہ حیدرآباد، میونسپل کمیٹی قاسم آباد اور تعلقہ دیہی میں کہیں بھی کوئی انتظامات نہیں کئے گئے ، ضلعی انتظامیہ آئے روز اجلاس منعقد کرکے روک تھام کےلئے بلند وبانگ دعوے کرتی ہے لیکن عملاً کچھ بھی ہوتا دکھائی نہیں دے رہا ہے، موسم سرما سے قبل بلدیہ کی جانب سے مچھر مار اسپرے کیا جاتا تھا جو اب بدعنوانی کی نذر ہوگیا ہے اور کئی سالوں سے مچھر مار اسپرے تک نہیں کیا جاتا ،جگہ جگہ سیوریج کے پانی جمع ہونے سے مختلف حشرات الارض جنم لے رہے ہیں جس سے لوگ تنگ آگئے ہیں اور اپنی مدد آپ کے تحت اپنے گھروں میں خود بندوبست کرتے دیکھائی دیتے ہیں جبکہ بلدیہ اور ضلعی انتظامیہ کا کام صرف فوٹو سیشن تک محدود ہوکر رہ گیا ہے ، ضلعی انتظامیہ کی نااہلی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ قاسم آباد، ڈیپلائی میمن کالونی، لطیف آباد یونٹ نمبر4، یونٹ نمبر10بند کے ساتھ اور مہرعلی میں تاحال بارش کا پانی ابھی تک موجود ہے اور وہاں کے لوگ مختلف امراض کا شکار ہورہے ہیں لیکن صوبائی حکومت کے افسران اور انتظامیہ صرف آنکھیں بند کئے ہوئے ہیں۔ 
عمران قریشی 

مزیدخبریں