اراضی پر قبضے اور ظلم و ستم کیخلاف حیدرآباد میں مظاہرے


حیدرآباد(بیورو رپورٹ)اراضی پر قبضے اور ظلم و ستم کیخلاف حیدرآباد میں مظاہرے کئے گئے۔تفصیلات کے مطابق ہوسڑی کے علاقے سکھ پور کے رہائشی امجد علی ولد قادر بخش نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ حیدرآباد پریس کلب کے سامنے اراضی پر قبضے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد جو 7 ماہ قبل انتقال کرگئے ہیں انہوںنے مقتی میں ایک بااثر پٹھان کو زمین دی تھی اور اب اس نے پوری زمین پر قبضہ کر لیا ہے، ایک کروڑ کی جعلی دستاویز بنا کر زمین پر قبضہ کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم سخت پریشانی کے عالم میں ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ زمین پر قبضہ ختم کر کے انصاف فراہم کیا جائے۔ دوسری جانب سول سوسائٹی اور بلاول کاکا ایکشن کمیٹی کے رہنما¶ں نے بلاول کاکا کے قاتلوں اور ان کے سہولت کاروں کی عدم گرفتاری کے خلاف اولڈ کیپس سے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مارچ کیا۔ مارچ کی قیادت ذوالفقار ہالیپوٹو، رحمت اللہ ساند، ڈاکٹر نیاز کالانی، پنہل سریو، احمد پنہور، اعجاز کاکا، بھیدھرو سارنگ کاکا، گلشیر کاکا، غلام نبی کاکا اور دیگر کر رہے تھے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رہنما¶ں نے کہا کہ شہید بلاول کاکا کے قتل کو 4 ماہ گزر چکے ہیں لیکن پولیس اصل ملزم کو پکڑنے میں ناکام ہے جبکہ سندھ پولیس کے افسران ان افغانوں کی حمایت کر رہے ہیں جو کہ افسوسناک امر ہے۔افغانی سندھ میں دہشت پھیلا رہے ہیں انہیں جلد سندھ سے بے دخل کیا جائے۔بلاول کاکا کے اصل قاتل ابھی تک گرفتار نہیں ہوئے، سندھی عوام پرامن بیٹھے ہیں انہیں کوئی جواب دینے والا نہیں۔انہوں نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ، ڈی آئی جی حیدرآباد، ایس ایس پی حیدرآباد سمیت اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ افغان باشندوں کو سندھ سے بے دخل کیا جائے اور بلاول کاکا کے تمام قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے اور لواحقین کے ساتھ انصاف کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن