ضمنی انتخابات:ووٹرز سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں : وزیراعظم

ضمنی انتخابات کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کے نام پیغام جاری کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹر ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ میں عوام بھرپور حصہ لی۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ آئینی و قانونی عمل ہے، صرف عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسے منتخب کریں۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ ووٹرز سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں کیونکہ آپ اور آپ کے ملک کی ترقی و خوشحالی کا دارومدار اس پر ہے۔قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں پر آج ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔

 پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور ہونے کے بعد خالی ہونے والی پنجاب کی 4، خیبرپختونخوا اور سندھ کی 2 نشتوں پر آج ضمنی انتخابات ہورہے ہیں۔

پنجاب میں ایک ہزار 434، خیبرپختونخوا میں 979 اور کراچی میں 340 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، پولنگ کا عمل آج صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ملک کی سیاسی تاریخ میں یہ منفرد مثال ہوگی کہ ایک امیدوار (چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان) 8 میں سے 7 نشستوں پر انتخاب لڑ رہے ہیں۔

آزاد امیدواروں سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے کُل 101 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، پنجاب میں 52، سندھ میں 33 اور خیبرپختونخوا میں 16 امیدوار ہیں، ان حلقوں میں تقریباً 44 لاکھ 72 ہزار ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔

کراچی میں ملیر اور کورنگی میں قومی اسمبلی کی 2 نشستوں پر آج ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج اہم ہوں گے کیونکہ یہ 23 اکتوبر کو شہر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے محض ایک ہفتہ قبل ہورہے ہیں، جیتنے والی پارٹی کو کراچی کی مقامی حکومت کے لیے ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں تقویت ملے گی۔

ای پیپر دی نیشن