اسلام آباد(نامہ نگار) دین دشمن ہماری نوجوان نسل کو شکوک و شبہات میں مبتلا کرنا چاہتے ہیں۔ یہ بات وزیر مذہبی امور انیق احمد نے گذشتہ روز راولپنڈی میں صفہ سویٹ ہوم کے زیر اہتمام طلبا کے تقریری مقابلوں اور سیمینار سے خطاب کے دوران کہی۔ انیق احمد نے کہا کہ دین دشمن ہماری نوجوان نسل کو شکوک و شبہات میں مبتلا کرنا چاہتے ہیں۔ نوجوان نسل کو جدید دور کے مسائل سے نبرد آزما ہونے کیلئے علم و حکمت سے مدد لینا ہو گی اقبال کی شاعری قرآن کریم کی آیات کی تفسیر ہے اور ان کا مخاطب نوجوان ہیں۔ قرآن کریم زمین والوں سے اللہ کا آخری کلام ہے۔ انسانیت کے تمام مسائل کا حل دین کے پاس موجود ہے۔ مسلمان سوشل ورکر کے ساتھ ساتھ ایک لیڈر بھی ہوتا ہے ۔ آج ہمارے درمیان امت کا تصور نظر نہیں آتا۔ مسلمان انسانیت کا 25 فیصد ہیں، دنیا ہم سے صرفِ نظر نہیں کر سکتی ۔ اگر ہم درست راستے پر چلتے تو غزہ، برما، کشمیر جیسے مسائل پیدا ہی نہیں ہوتے۔ علما کرام کو چاہیے کہ قوم کی رہنمائی کریں اور قوم کو مایوسی سے نکالیں ۔ مایوس صرف ابلیس ہو تا ہے ۔ ہمیں اللہ کی رحمت سے کبھی مایوس نہیں ہونا چاہیے۔ ہمارا آنے والا دن روشن اور تابناک ہے۔ سیمینار سے سابق وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود، مفتی زبیر و دیگر علما اور سکالرز نے خطاب کیا۔ تقریری مقابلوں میں نمایاں پوزیشن لینے والے طلبا میں نقد انعامات تقسیم کیے ۔ سیمینار کے شرکاءنے غاصب اسرائیل کی غزہ میں جاری مسلمانوں کی نسل کشی کی مذمتی قراردار منظور کی۔