نئی آئی ٹی پالیسی،ڈیجیٹل اکانومی کے مجوزہ پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کا فیصلہ

Oct 16, 2023

 اسلام آباد(صلاح الدین /نمائندہ نوائے وقت)نئی انفارمیشن ٹیکنالوجی پالیسی پر عمل درآمد شروع ڈیجیٹل اکانومی کے مجوزہ پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، انفرااسٹرکچر شیئرنگ فریم ورک اور آئی ٹی سیکٹر کی ترقی کیلئے ایکو سسٹم کا ماسٹر پلان تیار کیا جائے گا، اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل کے پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔دستاویز کے مطابق پاکستان میں موبائل فونز سمیت اسمارٹ ڈیوائسز تیار کی جائیں گی، آئی ٹی سیکٹر میں 10 لاکھ فری لانسرز کو تربیت دینے کا ہدف ہے، فری لانسنگ سینٹرز قائم ہوں گے، طویل مدتی منصوبے کے طور پر 2 لاکھ اضافی ہائی ٹیک آئی ٹی ہیومن ریسورس تیار کی جائے گی آئی ٹی درآمدا کو15ملین ڈالرز تک لے جاےا جائے گا۔آئندہ ماہ ماہ تک اسمارٹ فون فنانسنگ کیلئے ڈرافٹ ریگولیشن تیار کرلیا جائے گا، آرٹیفیشل انٹیلی جنس پالیسی کا جائزہ لینے کیلئے ماہرین پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی۔دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ ٹیلی کام انڈسٹری کو اگلے 3 سے 5 سال انڈسٹریل پاور ٹیرف دینے کی تجویز ہے، آئی ٹی کمپنیوں کی خصوصی اقتصادی زونز میں رجسٹریشن کی جائے گی، ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ اقدامات کے تحت ایونٹ منعقد کئے جائیں گے۔ بین الاقوامی سطح پر آئی ٹی ایکسپوز، کانفرنسز اور ٹریڈ شوز میں شرکت یقینی بنائی جائے گی، تنازعات کے حل کیلئے ٹیلی کام ٹربیونل قائم کیا جائے گا، آئی ٹی گریجوایٹس کا معیار بہتر بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں