لاہور(نامہ نگار) سابق پولیس انسپکٹر عابد باکسر پر تھانہ باغبانپورہ میں بھتہ خوری اور اغواءبرائے تاوان کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔پولیس زرائع کے مطابق مقدمہ باغبانپورہ داروغہ والا تھانے میں نجی ہوٹل کے مالک احمد علی نے درج کروایاہے۔ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ عابد باکسر کے چار سے پانچ ساتھیوں نے ہوٹل آکر دو کروڑ روپے بھتہ مانگے۔مسلح افراد نے اپنے موبائل فون سے عابد باکسر سے بات کروائی، بات کرنے پر دو کروڑ روپے مانگے اور نہ دینے پر قتل کی دھمکی دی گئی۔پھر چار پانچ روز بعد دوبارہ بھتہ مانگا گیا اور نہ دینے پر اغوا کرلیا اور میرے گھر والوں سے دس لاکھ روپے وصول کئے اور باقی دینے کی شرط پر رہا کیا گیا۔ہوٹل مالک احمد علی کی درخواست پر عابد باکسر سمیت پانچ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔