اسلام آباد (این این آئی)امریکہ میں پاکستان کے سفیر نے کہا کہ پاکستان کی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ( ایس آئی ایف سی) سرمایہ کاروں کی سہولت کاری، حکومتی وزارتوں اور محکموں کے درمیان تعاون اور مختلف منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے حوالے سے سنگل ونڈو کے طور پر کام کرےگی، ایس آئی ایف سی کی تشکیل کا مقصد معیشت کا احیائ، پاکستانی معیشت کو عالمی منڈی کے ساتھ جوڑنا اور سرمایہ کاری کےلئے موافق ماحول کی فراہمی اور بین الاقوامی سطح پر رائج بہترین اقدامات کو اختیار کرتے ہوئے کاروباری پالیسیوں کے استحکام اور تسلسل کو یقینی بنانا ہے۔سفیر پاکستان مسعود خان نے ان خیالات کا اظہار اتوار کواوپن شکاگو کے زیر اہتمام منعقدہ ایک روزہ "فیوچر آف ایوریتھنگ سمٹ" کے دوران اپنے کلیدی خطاب میں کیا۔آرگنائزیشن آف پاکستانی انٹرپرین ﺅرز ( اوپن) شکاگو ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جس کا مقصد شکاگو اور مڈ ویسٹ خطے میں کاروباری سرگرمیوں اور پیشہ ورانہ مہارت کو فروغ دینا ہے،اس کے ممبران میں پیشہ ور افراد، کاروباری افراد، وینچر کی پیٹلسٹ، سائنسدان، سماجی رہنما، ماہرین تعلیم اور طلباءشامل ہیں۔ ایک روزہ سربراہی اجلاس کا مقصدجدید ٹیکنالوجیز، سماجی اور اقتصادی رجحانات، اور ماحولیاتی چیلنجز کے نتیجے میں پیدا ہونے والے چیلنجز اور پیدا ہونے والے نئے مواقع پر غور کرنا تھا۔مسعود خان نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے پانچ شعبوں جن میں آئی ٹی، توانائی، زراعت، کان کنی اور دفاعی پیداوار شامل ہیں کی نشاندہی کی جو سرمایہ کاری کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کاروباری عمل کی مدت کو مختصر بنانے، کاروبار کے حوالے سے حکومتی سطح پر جامع حکمت عملی متعارف کرانے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی، کان کنی، زراعت اور دفاعی پیداوار کے کلیدی شعبوں میں پاکستان کی صلاحیت کو بروئے کار لا کر براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کوفروغ دے گی۔مسعود خان نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان گذشتہ 76 سالوں سے مضبوط تذویراتی اور اقتصادی تعلقات ہیں۔
پاکستانی سفیر کی امریکی سرمایہ کاروں کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل پر بریفنگ
Oct 16, 2023