اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر ظلم و ستم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے بچوں، خواتین اور معصوم لوگوں کو قتل کر کے تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ عارف علوی نے کہا کہ انسانی تاریخ میں کبھی بھی اتنے بڑے پیمانے پر ظلم اور بربریت نہیں دیکھا گیا جس کا مظاہرہ اسرائیل کر رہا ہے۔ فلسطینیوں کیلئے پانی، بجلی، خوراک اور ادویات کی فراہمی بھی منقطع کر دی گئی ہے۔ یہ امر افسوسناک ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کو فلسطینی عوام کی نسل کشی سے روکنے میں ناکام رہی ہے، میں اقوام متحدہ اور او آئی سی پر زور دیتا ہوں کہ وہ اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کو روکنے کے لیے فوری اجلاس بلائیں۔ فلسطین میں مزید بربادی اور انسانی تباہی کو روکنے کے لیے ضروری طبی امداد، خوراک اور دیگر سامان فوری طور پر روانہ کریں۔ پاکستان فلسطینی عوام کے لیے ایک آزاد ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے جو خطے میں پائیدار امن و استحکام کا واحد حل ہے۔ دریں اثناءعارف علوی نے عالمی یومِ خوراک کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عالمی یومِ خوراک ہر سال اکتوبر میں عالمی سطح پر منایا جاتا ہے۔ یہ دن پائیدار زراعت کی اہمیت کی جانب ہماری توجہ دلاتا ہے۔ اس دن کا مقصد مختلف پالیسیوں اور اقدامات کیلئے حکومتوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کی حمایت حاصل کرنا ہے۔ اس سال عالمی ادارہ ِخوراک نے غذائی تحفظ یقینی بنانے کیلئے "پانی زندگی ہے، پانی خوراک ہے: کوئی پیچھے نہ رہ جائے " کا جامع عنوان متعارف کرایا ہے۔ یہ عنوان پاکستان کی موجودہ صورتحال سے انتہائی مطابقت رکھتا ہے۔ عالمی سطح پر، آبادی میں تیزی سے اضافے سے پانی کی طلب میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔