لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عامر میر نے اپنے بیان میں کہا ہے اربوں روپے کی کرپشن کے مقدمات سے بچنے کی خاطر ملک سے فرار ہو کر یورپ میں روپوش ہونے والے مونس الہی پنجاب کی نگران حکومت کے بارے میں شر انگیز جھوٹ پھیلانا بند کریں۔ حکومت پنجاب نے کسی سرکاری سکول کو کسی پرائیویٹ تعلیمی ادارے کے حوالے نہیں کیا۔ نہ ہی سرکاری سکولوں کو پرائیویٹائز کرنے کا کوئی فیصلہ ہوا ہے۔ مونس الہی کو اصل تکلیف یہ ہے پنجاب کے نگران وزیراعلی محسن نقوی صوبے میں سکولوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے دن رات ایک کیے ہوئے ہیں اور مفرور چوہدری کو یہ بات گوارا نہیں۔ قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے ٹویٹ میں دعویٰ کیا تھا پنجاب حکومت سرکاری سکولوں کی انتہائی قیمتی عمارت اور سہولیات من پسند نجی اداروں میں اپنی ذاتی جائیداد سمجھ کر بانٹ رہی ہے۔ آئین اور قانون نگران حکومت کو اس کی اجازت دیتا ہے نہ اخیتار۔