لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں احمد آباد سٹیڈیم میں موجود شائقین کا نامناسب رویہ سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آگیا۔میچ کے دوران سٹیڈیم میںبھارتی شائقین کا پاکستانی کھلاڑیوں سے نامناسب رویہ بھی دیکھا گیا۔کہیں ٹاس کے بعد بھارت کے شائقین کپتان بابر اعظم کو تنگ کرتے نظر آئے تو کہیں رضوان کے آو¿ٹ ہونے کے بعد ان کے پویلین لوٹتے وقت شائقین نے ہندو پرستانہ نعرے لگائے اور نامناسب لفظوں کا استعمال کیا جس کی ویڈیوز بھی وائرل ہیں۔سوشل میڈیا پر شائقین کی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں سٹیڈیم میں موجود فین کو خاتون پولیس سے بدتمیزی کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ویڈیو میں خاتون پولیس کے سمجھانے پر کرسی پر بیٹھے شخص کو پہلے مسلسل بحث کرتے دیکھا گیا جب تنگ آکر خاتون پولیس اہلکار نے اس شخص کو تھپڑمارا تو اس شخص نے بھی بغیر کسی لحاظ مروت کے خاتون پولیس محافظ پر طمانچہ رسید کر دیا۔