کابل (آئی این پی ) افغانستان کے شہر ہرات میں ایک بار پھر 6.3 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ افغان میڈیا کے مطابق زلزلےکا مرکز ہرات سے جنوب مشرق میں 32.8کلو میٹر دور تھا، جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ افغان میڈیا کی جانب سے بتایا جارہا ہے ہرات میں پہلے زلزلے کے کچھ دیر بعد ایک اور زلزلہ آیا، زلزلے کے جھٹکے فراح اور بادغیس صوبے میں بھی محسوس کیے گئے تاہم زلزلے سے تاحال کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ واضح رہے اس سے قبل بھی رواں ماہ ہی دو بار 6.3 شدت کے زلزلوں نے افغانستان کو ہلا کر رکھ دیا تھا، پہلے بھی زلزلے نے ہرات کو ہی نشانہ بنایا تھا جس میں کم از کم 2 ہزار کے قریب اموات ریکارڈ کی گئیں اور بڑے پیمانے پر انفرا اسٹرکچر تباہ و برباد ہو گیا۔