سری نگر(کے پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری ظلم و بربریت پر بھارت کو جوابدہ بنائے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوج ، پیراملٹری فورسز، پولیس اوراین آئی اے اورایس آئی اے سمیت تحقیقاتی ایجنسیوں کے اہلکار محاصرے اورتلاشی کی نام نہاد کارروائیوں اورگھروں پر چھاپوں کے دوران بے گناہ کشمیریوں کو تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں اور ان کی املاک، دستاویزات اور موبائل فون ضبط کر رہے ہیں تاکہ حق خودارادیت کے لئے ان کے جائز مطالبے کو دبایا جاسکے جس کا وعدہ ان سے اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کیاگیاہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کے دوران متعدد نوجوانوں کو شہیدکیا گیا جبکہ ہزاروں افراد کو گرفتار کیا گیا لیکن عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارت کی بدترین ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا ۔
مقبوضہ کشمیر: اقوام متحدہ ظلم و بربریت پر بھارت کو جوابدہ ٹھرائے: حریت کانفرنس
Oct 16, 2023