غزہ (نوائے وقت رپورٹ) اسرائیلی فوج دھوکے بازی پر اتر آئی۔ شمالی غزہ سے نقل مکانی کرنے والوں کو محفوظ راستہ دکھایا، مہلت کے دوران نہتے فلسطینیوں پر بارود برسا دیا۔ خواتین اور بچوں سمیت250 فلسطینی راستے میں ہی شہید ہو گئے۔ امریکی نشریاتی ادارے نے اسرائیل کے محفوظ راستے کے جھوٹ کا پول کھول دیا۔ اسرائیلی فورسز نے ایمبولینس کے عملے کو بھی نشانہ بنایا، بمباری کے بعد دل دہلا دینے والے مناظر کیمرے میں محفوظ ہو گئے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر فضائی اور بحری حملے کے بعد زمینی حملے کی تیاری جاری ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نے جنگ کے اگلے مرحلے کی دھمکی دے دی۔ اسرائیلی اخبار نے غزہ پر قبضے کے منصوبے کی کہانی سنا دی۔ غزہ پر اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 2329 ہو گئی۔ حملوں میں شہید فلسطینیوں کی میتیں رکھنے کے لیے ہسپتالوں کے مردہ خانوں میں جگہ کم پڑنے لگی۔ عرب میڈیا کے مطابق شہداءکی میتیں آئس کریم ٹرکس اور ریفریجریٹر گاڑیوں میں رکھی جا رہی ہیں۔