خصوصی افراد نے زندگی کے ہر شعبہ میں صلاحیتوں کا لوہا منوایا ، جمال ناصر

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر و بہبود آبادی ڈاکٹر جمال ناصر نے 'عالمی یوم تحفظ سفید چھڑی' کے حوالے سے راولپنڈی آرٹس کونسل میں منعقدہ ایک تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس تقریب میں خصوصی افراد کے علاوہ سماجی و سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی جبکہ بانی صدر وائس آف سپیشل پرسنز محمد نبیل ستی بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ خصوصی افراد نے زندگی کے ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور گزشتہ عرصہ سے ملک میں مجموعی طور پر خصوصی افراد کو معاشرے کا فائدہ مند شہری بنانے کیلئے اقدامات کئے گئےہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں عام لوگوں میں بھی خصوصی افراد کے حوالے سے رویوں میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اب عمومی طور پر خصوصی افراد کو زندگی کے امور میں شامل ہونے کے متعلق مواقع فراہم کئے جاتے ہیں۔صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ حکومتی سطح پر خصوصی افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور اس میں بتدریج بہتری آ رہی ہے اور وہ وقت دور نہیں کہ زندگی کے ہر شعبہ میں خصوصی افراد شامل ہونگے۔ 

ای پیپر دی نیشن