اسرائیل نے اپنے جرائم نہ روکے تو صورت حال مزید پیچیدہ ہو جائے گی: ایران

ایران نے خبر دار کردیا ہے کہ اسرائیل نے اپنے جرائم نہ روکے تو صورت حال مزید پیچیدہ ہو جائے گی۔ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور فرانسیسی صدر میکرون کے درمیان ٹیلی فونک رابطے کے دوران بات چیت کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ فرانس فلسطینیوں کو اسرائیل کی جارحیت سے بچانے میں مدد کرے۔ادھر دوحہ میں ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے قطر کے امیر تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی۔ملاقات کے موقع پر ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل نےغزہ پر زمینی حملہ کیا تو کوئی صورت حال قابو کرنے کی ضمانت نہیں دے سکے گا۔دوحہ کے دورے کے موقع پر ایرانی وزیر خارجہ نے حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ سے بھی ملاقات کی، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ایران فلسطینی قوم کی حمایت کے اصولوں اور اقدار سے کبھی دستبردار نہیں ہوگا۔ملاقات میں اسماعیل ہنیہ نےاسلامی تعاون تنظیم کے اعلیٰ حکام کے اجلاس کو انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ امید ہے کہ مسلم دنیا فلسطینی قوم کی بھرپور حمایت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کے جنگی جرائم، اندھا دھند اور وحشیانہ قتل عام، گھروں، مساجد، اسپتالوں اور عوامی مقامات کی تباہی کے باوجود فلسطینی مزاحمت مضبوط ہے۔

ای پیپر دی نیشن