پاکستان کی مثبت کریڈٹ ریٹنگ برقراررکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔ وزیرخزانہ


اسلام آباد ‘ رباط (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے مراکش میں ایم ڈی آئی ایم ایف سے ملاقات کی۔ اعلامیہ کے مطابق عالمی معاشی امور اور پاکستان کی معیشت کے استحکام کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نگران وزیر خزانہ نے پاکستان میں معاشی استحکام کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی۔ ملاقات میں پاکستان میں معاشی استحکام کیلئے مشترکہ اقدامات اور عالمی تعاون پر اتفاق کیا۔ نگران وزیر خزانہ نے معاشی اصلاحات پر حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔ دریں اثناءڈاکٹر شمشاد اختر نے مراکش میں وزارتی ڈائیلاگ میں حصہ لیا۔ ڈائیلاگ کا اہتمام موسمیاتی خطرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کیلئے کیا گیا۔ علاوہ ازیں نگران وفاقی وزیر برائے خزانہ شمشاد اختر کا کہنا ہے کہ حکومت سرمایہ کاروں کے اعتماد کو فروغ دینے اور عالمی مالیاتی منڈیوں میں پاکستان کی مثبت کریڈٹ ریٹنگ کو برقرار رکھنے اور شفافیت کیلئے پر عزم ہے۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ باہمی تعاون کے فروغ کے امکانات کے بارے میں توقعات کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے اقتصادی مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کا عہد کیا ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر نے آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے موقع عالمی رہنماو¿ں سے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔ نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر نے گلوبل فنانشل سروسز کمپنی موڈیز کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی ہے۔ نگران وفاقی وزیر برائے خزانہ، محصولات، اور اقتصادی امور، ڈاکٹر شمشاد اختر نے اپنے دورہ مراکش کے دوران انڈی پینڈنٹ کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی ایس اینڈ پی گلوبل کے حکام سے ملاقات کی ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری ٹویٹ پر بتایا گیا کہ ملاقات کے دوران ڈاکٹر شمشاد اختر نے مالیاتی استحکام کو یقینی بنانے، مالیاتی نظم و نسق کو بہتر بنانے اور پائیدار اقتصادی ترقی میں معاون ثابت ہونے والی اصلاحات کے نفاذ کے لیے حکومت کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق ڈاکٹر شمشاد اختر نے عالمی بینک، آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس کے موقع پر متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے مالیاتی امور محمد بن ہادی الحسینی سے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے، مالیات اور محصولات کے معاملات میں تعاون بڑھانے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور باہمی اقتصادی ترقی کے مواقع تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزراءنے مزید باہمی تعاون کے فروغ کے امکانات کے بارے میں امید کا اظہار کیا اور اپنے ممالک کے اقتصادی مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کا عہد کیا ہے۔
شمشاد اختر 

ای پیپر دی نیشن