پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کرینگے۔محسن نقویٍ

Oct 16, 2023


لاہور+اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار خصوصی) محسن نقوی سے نگران وزیر اعلیٰ سندھ مقبول باقر نے ملاقات کی جس میں کپاس کے نرخ میں استحکام کے لئے ضروری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں کپاس کے نرخ میں استحکام کے لئے وفاقی حکومت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ دونوں وزراءاعلیٰ نے اس امر پر اتفاق کیا کہ سندھ اور پنجاب میں کاشتکار کو فصل کا صحیح معاوضہ دلایا جائے گا اور ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ذریعے کپاس کی خریداری کے لئے وزیر اعظم سے باقاعدہ درخواست کی جائے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ سندھ اور پنجاب کے کسان کپاس کی فصل سستی بالکل نہ بیچیں، کاشتکاروں کی محنت ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ پنجاب اور سندھ بھی مل کر ہر ضروری اقدام کریں گے۔ محسن نقوی سے اٹلی کے سفیر اینڈریاس فیراریز نے ملاقات کی جس میں ثقافت، سیاحت، تجارت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تجارتی اور ثقافتی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں کے حوالے سے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔ اطالوی سفیر نے جی ایس پی پلس سٹیٹس میں توسیع کے لئے پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اٹلی جی ایس پی پلس سٹیٹس میں توسیع کے لئے پاکستان کی سپورٹ جاری رکھے گا۔ محسن نقوی نے کہا کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس میں توسیع کے حوالے سے اٹلی کی سپورٹ پر اطالوی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور اٹلی بہترین دوست ملک ہیں، وقت آ گیا ہے اس دوستی کو سودمند معاشی تعلقات میں تبدیل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ثقافت اور تجارت کے شعبے ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔ پنجاب حکومت اٹلی کے ساتھ ان شعبوں میں مزید اشتراک کار بڑھانا چاہتی ہے۔ پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے ون ونڈو آپریشن شروع کر رہے ہیں۔ اطالوی سرمایہ کار پنجاب آئیں، ہرممکن سہولت دیں گے۔ محسن نقوی سے نگران وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک نے ملاقات کی جس میں ربیع اور خریف کی فصلوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں گندم اور دیگر اجناس کے نرخ کے بارے میں گفتگو کی گئی اور گندم کا نرخ یکساں رکھنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں کپاس کے نرخ میں استحکام کے حوالے سے ضروری اقدامات پر بات چیت کی گئی اور ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کی معاونت سے کپاس کے نرخ میں استحکام لانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ کاٹن کی اچھی پیداوار کے بعد کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ دلانے کیلئے نرخوں میں استحکام ضروری ہے۔ علاوہ ازیں نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے محسن نقوی نے ملاقات کی جس میں صوبہ پنجاب سے متعلق مختل امور پر بات چیت کی گئی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کے بعد وزیراعلی محسن نقوی صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے متحرک ہو گئے ہیں۔ محسن نقوی نے آج اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست صوبے کے عوام کو منتقل کیا جائے گا۔ اجلاس میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی سمیت روزمرہ اشیاءکی قیمتوں میں کمی کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں گے۔

محسن نقوی 

مزیدخبریں