شہباز شریف نے ریاست بچائی ،لوگ محسن کو پہچانیں:حمزہ شہباز

لاہور +مصطفیٰ آباد/للیانی+قصور(نوائے وقت رپورٹ+نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت) حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ شہبازشریف آئی ایم ایف کے پاس نہ جاتے تو پاکستان دیوالیہ ہوجاتا، ملک دیوالیہ ہو جاتا تو پٹرول ہزار روپے لٹر ہوتا، شہبازشریف نے ریاست بچائی، سیاست داو پر لگائی۔ وقت آگیا ہے کہ لوگ اپنے محسن کو پہچانیں۔ قصور میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب میں حمزہ شہباز نے کہا کہ آج ہم نے پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے۔ بجلی مہنگی، نوجوان بےروزگار، دو وقت کی روٹی پورا کرنا مشکل ہوچکا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف سے قرض لیا، چیئرمین پی ٹی آئی نے عوام کو خودکشی پر مجبور کردیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کی شرائط پوری نہیں کیں۔ نواز شریف نے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ کیا، وہ پورا کیا۔ ن لیگ نے جھوٹے دعوے نہیں کئے کام کرکے دکھایا۔ پچھلے ادوار میں 20 ، 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جاتی تھی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھروں کا وعدہ کیا تھا، کیا ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر لوگوں کو ملے؟۔ موٹرویز اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم لیگ ن نے جھوٹے وعدے نہیں کئے۔ آج ڈالر کی قیمت 278 روپے ہے نواز شریف کے دور میں 105 روپے تھی۔ نواز شریف کے دور میں بجلی کی قیمت 7 روپے یونٹ تھی۔ شہباز شریف نہ سنبھالتے تو ملک دیوالیہ ہوجاتا۔ عمران نیازی نے آئی ایم ایف سے وعدہ خلافی کرکے پاکستان کو مشکلات سے دور چار کیا۔ آئی ایم ایف معاہدہ بحال نہ ہوتا تو ملک دیوالیہ ہوجاتا۔ 9 مئی کو شہداءکے مجسموں کی بے حرمتی کی گئی۔ جناح ہا¶س اور دفاعی تنصیبات کو نقصان پہنچایاگیا۔ 9 مئی کو ایک شخص ملک دشمنی میں بہت آگے نکل گیا تھا۔ نواز شریف نے بھارت کے مقابلے میں 6 ایٹمی دھماکے کئے۔ نواز شریف چاہتا تو اربوں ڈالر لیکر دھماکے نہ کرتا۔ چیئرمین پی ٹی آئی پر 190 ملین کرپشن کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ توشہ خانہ کیس میں دوست ملکوں کے تحفے بیچ کر اربوں ڈالر جیب میں ڈالے۔ اسرائیل فلسطین میں چھوٹے چھوٹے بچوں کو شہید کر رہا ہے۔ پاکستان فلسطین کی سیاسی اور اخلاقی حمایت کرتا ہے۔جلسہ میں ملک احمد خاں، رانا اقبال‘ ملک رشید احمد خاں، رانا حیات احمد خاں، ملک احمد سعید خاں، چوہدری محمد الیاس گجر ، شہزاد گجر ، چوہدری اصغر علی، چوہدری اختر علی ، سید طیب حسین رضوی ایڈووکیٹ سمیت دیگر کارکنان و عہدیداران مسلم لیگ ن کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔مصطفی آباد/ للیانی سے نامہ نگارکے مطابق حمزہ شہباز نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ وہ آئی ایم ایف سے قرضہ لینے پر خودکشی کر لیں گے لیکن انہوں نے تو خودکشی نہیں کی، عوام کو خودکشیاں کرنے پر مجبور کر دیا۔ صاف چلی شفاف چلی کا نعرہ لگانے والوں نے اپنے ساڑھے تین سالہ دور وطن عزیز کا جو حال کیا مدتوں یاد رکھا جائے گا۔ میاں محمد نواز شریف نے پہلے بھی ملک کو بحرانوں سے نکالا تھا اور اب بھی میاں نواز شریف کی قیادت میں ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔ مسلم لیگ ن نے اپنے ادوار میں عوام کے ساتھ جھوٹے وعدے نہیں کیے کام کر کے دکھایا، دوبارہ بھی موقع ملا تو اس سے بڑھ کر خدمت کریں گے۔ اللہ نے انہیں موقع دیا تو وہ مصطفی آباد کی عوام سے وعدہ کرتے ہیں کہ مصطفی میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے واٹر سپلائی منصوبہ سپورٹس کمپلیکس اور مریضوں کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے 100بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال بھی قائم کریں گے۔ 


حمزہ شہباز

ای پیپر دی نیشن