اسلام آباد(خبر نگار خصوصی) شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے سپاہی عبدالحکیم کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، شہید کو اعزاز کےساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان آپریشن میں 32 سالہ شہید سپاہی عبدالحکیم کی نماز جنازہ ان کے آبائی قصبہ ضلع جعفر آباد میں ادا کی گئی، شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں سینئر حاضر سروس فوجی افسروں نے شرکت کی، شہید کے لواحقین اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئی۔ سپاہی عبد الحکیم نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج وطن سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
سپرد خاک