اسرائیلی جارحیت: 2600 سے زائد فلسطینی شہید ایک ہزار سے زائد ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ

غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت میں جہاں اب تک 2600 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں وہیں ایک ہزار سے زائد لوگوں کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ میں امدادی کاموں میں مصروف ریسکیوحکام کا کہنا ہےکہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے سے لاشیں نکالنے کا سلسلہ جاری ہے تاہم ایک ہزار سے زائد لاپتا فلسطینیوں کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔خلیجی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے اتوار کی رات مغربی کنارے پر چھاپہ مار کر درجنوں فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے رات گئے مغربی کنارے پر متعدد چھاپے مارے جس میں متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا جس کے بعد گرفتار فلطسینیوں کی تعداد 600 ہوگئی ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ اسرائیلی فوج نے متعدد فلسطینیوں کو بغیر کسی جرم کے گرفتار کیا اور اس کی وجہ صرف انتظامی بتائی گئی ہے۔علاوہ ازیں رفاح کی سرحد بند ہونے سے سیکڑوں افراد اب بھی سرحد پر ہی موجود ہیں جب کہ ترکی اور اردن کی جانب سے بھیجی جانے والی امداد بھی سرحد بند ہونے کی وجہ سے پھنسی ہوئی ہے۔ادھر امریکی صدر جوبائیڈن کے دورہ اسرائیل کا بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے تاہم ابھی اس بات کا باضابط اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن